بلوچستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں چار ایف سی اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل مند میں ایف سی کے قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

حکام کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کے نتیجے میں ایف سی کی ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: ایف سی قافلوں پر بم حملہ، 5 اہلکار زخمی

انہوں نے بتایا کہ ایف سی کا قافلہ علاقے میں معمول کی گشت پر تھا جب وہ نامعلوم شدت پسندوں کی جانب سے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی زد میں آگیا۔

زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے تربت ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایف سی اور لیویز کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔

دھماکے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی گئی جبکہ سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی دھماکے کی تصدیق کی گئی اور بتایا گیا کہ تربت میں ایف سی کی گاڑی سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم دھماکے کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے۔

علاوہ وزیں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی اہلکاروں نے معصوم شہریوں اور مادر وطن کے تحفظ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ میں فائرنگ، 3 ایف سی اہلکار جاں بحق

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں بھی بلوچستان کے شہر چمن اور تربت میں سڑک کنارے نصب بم کی زد میں آکر ایف سی کے 5 اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوگیا تھا۔

بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں، ان کارروائیوں میں سیکڑوں لیویز، ایف سی اور پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔

صوبے کی انتظامیہ نے ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' ملوث ہے۔


تبصرے (0) بند ہیں