کراچی: کوہ پیما اور سابق لیفٹننٹ کرنل عبدالجبار بھٹی دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے چوتھے پاکستانی بن گئے۔

سرکاری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرنل (ر) عبدالجبار بھٹی ایک کامیاب کوہ پیما ہیں اور صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی اور تمغہ بسالت بھی حاصل کرچکے ہیں۔

اس سے قبل وہ 1985 میں براڈ پیک، 1986 میں گیشربرم، 2012 میں اسپانٹک پیک بھی کامیابی سے سر کرچکے ہیں۔

سطح سمندر سے 8 ہزار 848 میٹر کی بلندی پر موجود ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے میں کرنل (ر) عبدالجبار بھٹی کو ڈیڑھ ماہ کا عرصہ لگا۔

اس سال ماؤنٹ ایورسٹ پر اپنی قسمت آزمانے والے ایک اور کوہ پیما سعد محمد نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ کرنل (ر) عبدالجبار بھٹی ہفتہ (20 مئی) کو پہاڑ کے کیمپ پر پہنچے۔

سابق فوجی کے بھائی آصف بھٹی نے اتوار (21 مئی) کی شب اپنے بھائی کی کامیابی کی خبر بذریعہ فیس بک تمام دوستوں اور صحافیوں کو سنائی۔

خیال رہے کہ دنیا کی سب سے اونچی چوٹی تسخیر کرنے والے دیگر پاکستانیوں میں حسن صدپارہ، ثمینہ بیگ (2013) اور نذیر صابر (2000) شامل ہیں۔


یہ خبر 22 مئی 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں