بھارتی کرکٹ بورڈ نے پندرہ دن بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نوٹس کا جواب دے دیا، چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ مذاکرات پر آمادہ ہوگیا ہے۔

چیمپینز ٹرافی میں پاک بھارت کرکٹ ٹیمیں تو چار جون کو برمنگھم میں مدمقابل ہوں گی جبکہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز بھی دو طرفہ سیریز کے معاملے پر آمنے سامنے ہیں۔

یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پی سی بی کے ایک نوٹس نے بھارتی بورڈ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔

پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے ڈان نیوز کو بتایا کہ بھارتی بورڈ نے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ تاہم اس سارے معاملے پر پی سی بی، انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بات چیت کا حصہ بنانا چاہتا ہے۔

مزید پڑھیں: سیریز سے انکار پر بھارت کو 60ملین ڈالر کا نوٹس

خیال رہے کہ چیمپینز ٹرافی کے سلسلے میں آئی سی سی حکام ان دنوں لندن میں موجود ہیں، اس لیے میگا ایونٹ سے پہلے دونوں بورڈز کے درمیان دبئی میں بات چیت کے امکانات کم ہیں۔

جون میں آئی سی سی کے اجلاس سے قبل دونوں بورڈز کے سربراہان لندن میں ملاقات کرکے دو طرفہ سیریز کے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ 3 مئی 2017 کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کی تنازعات کے حل کیلئے قائم کمیٹی کے تحت ہندوستانی کرکٹ بورڈ کو نوٹس بھجواتے ہوئے 60 ملین ڈالر ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ انڈیا نے فوچر ٹور پروگرام کے تحت 2014 سے 2013 کے درمیان سیریز کھیلنے کیلئے معاہدے کی یادداشت پر دستخط کیے تھے اور سیریز نہ کھیل کر ہندوستان نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان نے سیریز نہ کھیلننے کی صورت میں ہونے والے نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کا پاک-انڈیا سیریز میں تاخیر پر نوٹس

اس سے قبل پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے آئی سی سی کے اجلاس سے واپسی کے بعد کہا تھا کہ بھارت کے خلاف مقدمے میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہے اور بھارت کے خلاف مقدمے کی پیروی کیلئے پاکستان پوری طرح تیار ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہندوستانی بورڈ کے درمیان ایک معاہدے کی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے جس کے تحت 2015 سے 2024 تک دونوں ملکوں کے درمیان چھ دوطرفہ سیریز کھیلی جانی ہیں اور اس سلسلے کی پہلی سیریز کی میزبانی رواں سال پاکستان کو کرنی ہے۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 2007 میں انڈیا میں کھیلی گئی کرکٹ سیریز کے بعد سے کوئی باقاعدہ مکمل کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی۔

بھارت کو اسکے بعد اگلی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنا تھا لیکن 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کے ساتھ ساتھ کرکٹ تعلقات بھی متاثر ہوئے اور اس کے بعد متعدد کوششوں کے باوجود کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جا سکی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں