کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے صوبائی کابینہ کے قلمدان میں تبدیلیوں کے بعد جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں سہیل انور سیال کو دوبارہ صوبائی وزیرداخلہ مقرر کردیا گیا۔

ڈان کو حاصل ہونے نوٹیفکیشن کے مطابق اس نئے قلمدان کے ساتھ محکمہ آبپاشی و زراعت کی وزارت بھی سہیل انور سیال کے پاس رہے گی۔

دوسری جانب سید ناصر حسین شاہ وزارت ٹرانسپورٹ کے موجودہ قلم دان کے ساتھ ساتھ وزارت برائے مزدور، وسائل و اطلاعات کا قلم دان بھی سنبھالیں گے۔

سندھ حکومت کا اعلامیہ—فوٹو: ڈان نیوز
سندھ حکومت کا اعلامیہ—فوٹو: ڈان نیوز

سندھ حکومت کے اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر سکندر میندھرو کو مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر کی وزارتیں سونپی گئی ہیں، ساتھ ہی وہ وزارت صحت کی سربراہی بھی جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ جولائی 2016 میں سندھ کی نئی 17 رکنی کابینہ کا اعلان کیا گیا تھا تاہم وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ جیسے اہم قلمدانوں کا فیصلہ نہیں ہوسکا تھا۔

سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اُس وقت جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق سہیل انور سیال کو وزیر زراعت، سابق صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو کو وزیر خوراک و پارلیمانی امور اور ڈاکٹر سکندر میندھرو کو وزیر صحت مقرر کیا گیا تھا۔

جس کے بعد یہ خیال ظاہر کیا جاتا رہا تھا کہ سہیل انور سیال کو اسٹیبلشمنٹ کے مطالبے پر وزارت داخلہ سے ہٹایا گیا، تاہم کابینہ میں ان کی موجودگی اس بات کا اشارہ تھی کہ صوبے کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی سہیل انور سیال کے ساتھ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رینجرز سے رنجش، وزیر داخلہ سندھ کی تبدیلی متوقع

واضح رہے کہ سہیل انور سیال سے وزیرداخلہ کا قلم دان واپس لینے کا معاملہ رینجرز کی جانب سے سہیل انور سیال کے فرنٹ مین اسد کھرل کو گرفتاری کے بعد سامنے آیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سہیل انور سیال کے بھائی طارق سیال نے مداخلت کرکے اسد کھرل کو رینجرز کی حراست سے فرار کرادیا تھا، جس کے بعد سے رینجرز اور صوبائی حکومت کے درمیان تناؤ پیدا ہوگیا تھا۔

سہیل انور سیال کو صوبائی وزیرداخلہ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سے یہ قلم دان وزیراعلیٰ سندھ کے پاس تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں

khurram May 23, 2017 03:00pm
new peoples came and will do new corruption as will make money.