صوبہ بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے علاقے اوڑماڑہ میں میونسپل کمیٹی نے حجاموں پر داڑھیوں کے ڈیزائن بنانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

یہ فیصلہ اوڑماڑہ کی میونسپل کمیٹی کے رمضان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، یہ اجلاس میونسپل کمیٹی کے چیئرمین عامر اقبال کی سربراہی میں ہوا تھا۔

اجلاس کے دوران جمعیت علماء اسلام (ف) کے مقامی رہنما مولوی محمد اٰمین نے اعتراض کیا تھا کہ علاقے کے حجام داڑھیوں پر ڈیزائن بناتے ہیں جو اسلامی شریعت کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل توہین مذہب کے زمرے میں آتا ہے جس کا سد باب کیا جانا چاہیے۔

جس پر میونسپل چیئرمین نے حجاموں کو پابند کیا کہ وہ داڑھیوں پر ڈیزائن نہ بنائیں، اس حکم پر پیر سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے رہنما مولوی محمد اٰمین نے تصدیق کہ انھوں نے کمیٹی کے اجلاس کے دوران اس مسئلے پر توجہ دلائی تھی۔

مولوی محمد اٰمین نے بتایا کہ اجلاس میں حجاموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جو شخص داڑھی رکھنا چاہے وہ رکھے اور جو شیو کرنا چاہے وہ کرے لیکن داڑھی کے ڈیزائن نہ بنائے جائیں۔

انھوں نے بتایا کہ کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ یہ توہین مذہب ہے۔

میونسپل کمیٹی کے چیئرمین عامر اقبال نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان المبارک میں شہر میں اشیائے خورد و نوش کے نرخ کے تعین کے لیے ایک اجلاس طلب کیا گیا تھا، جس میں دکانداروں کے علاوہ حجام بھی شریک تھے۔

انھوں ںے بتایا کہ جے یو آئی (ف) کے رہنما کی نشاندہی پر اس اجلاس میں حجاموں کو ہدایت کی گئی کہ داڑھی کی توہین نہ کی جائے۔

خیال رہے کہ اوڑماڑہ ضلع گوادر کا ساحلی علاقہ ہے، اوڑماڑہ، کینٹ اور سول آبادی کی میونسپل کمیٹی پر مشتمل ہے جس کی شہری آبادی 35 ہزار کے قریب ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Waqas May 27, 2017 06:07pm
No