آئندہ کچھ روز میں موسم مزید سخت ہونے کی پیش گوئی
لاہور: ملک میں جاری گرمی کی شدت کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس میں آئندہ دو سے تین روز میں مزید اضافے کا ہوسکتا ہے۔
گذشتہ ماہ مئی میں گرمی کی شدید لہر نے ملک کے مختلف حصوں کو متاثر کیا، ان میں صوبہ بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے علاقے شامل تھے لیکن اس دوران خیبرپختونخوا، پنجاب سمیت ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں بارشوں اور تیز ہواؤں کے طوفان کے باعث موسم خوشگوار تھا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، سندھ اور اس سے منسلک پنجاب کے مختلف علاقے گرمی کی اس نئی لہر سے متاثر ہوں گے جبکہ پنجاب کے وسطی اور شمال مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
گذشتہ روز سبی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 50 ڈگری سیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے بعد دادو، نورپورتھل، بھکر، لاڑکانہ اور موئن جودڑو میں 49 ڈگری سیٹی گریڈ جبکہ جیکب آباد، شہید بے نظیر آباد، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں 48 ڈگری سیٹی گریٹ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، یہ درجہ حرارت سندھ کے دیگر علاقوں سے کم تھا تاہم کراچی کے رہائشیوں کیلئے گرمی کی یہ شدت بھی بہت زیادہ تھی، اس سے قبل کراچی میں ہیٹ اسٹروک کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا لیکن محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے جس کی وجہ ہوا کی سمت میں تبدیلی بتائی جارہی ہے۔
لاہور کا درجہ زیادہ سے زیادہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جہاں دن بھر چلنے والی ہوائیں بھی شدید گرم تھیں۔
صوبہ پنجاب کے بیشتر شہروں میں موسم کی صورت حال تقریبا ایک جیسی تھی، محکمہ موسمیات کے مطابق جہلم، سرگودھا اور سیالکوٹ میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ، سیالکوٹ میں 45.5 ڈگری سینٹی گریڈ، ڈیرہ غازی خان میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ، بہاولپور، ملتان اور فیصل آباد میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ، گجرانوالہ میں 43، گجرات میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹے تک ملک کے مختلف علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
یہ رپورٹ 4 جون 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی











لائیو ٹی وی