وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے وزارت داخلہ کو چینی شہریوں کو ویزے کے اجرا کے نظام پر نظرثانی اور پاکستان میں موجود چینی باشندوں کا ڈیٹا بینک بنانے کا حکم دےدیا ہے۔

وزیرداخلہ کو بریفنگ میں کہا گیا کہ کوئٹہ میں اغواہونے والے چینی شہری کوئٹہ میں تبلیغی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔

چوہدری نثار نے کوئٹہ میں دو چینی باشندوں کے اغوا کے واقعے پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ مختلف منصوبوں کے لیے پاکستان آنے والے چینی باشندے جو ملک کے مختلف حصوں میں موجود ہیں ان کا ڈیٹا بینک بنایا جائے۔

چینی باشندوں کا ڈیٹا بینک نادرا تیار کرے گا جس کو تمام سیکیورٹی ایجنسیوں کو بھیج دیا جائےگا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ویزے کی توسیع کے معاملے پر نظرثانی کی ضرورت ہے تاکہ اس سہولت کا غلط استعمال نہ کیا جائے۔

وزیرداخلہ کی صدارت میں چینی باشندوں کے ویزے اور نئی پالیسی کے تحت این جی اوز کی رجسٹریشن کے معاملے پر منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں اغوا ہونے والے دو چینی باشندوں نے بزنس ویزے کی خلاف ورزی کی اور کوئٹہ میں اردو سیکھنے کے نام پر دیگر سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ سے دو چینی باشندے اغوا

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل، ڈپٹی چیئرمین نادرا اور دیگر سینیئرعہدیدار شامل تھے۔

وزیرداخلہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ چینی باشندوں کا گروپ بزنس ویزے پرآیا جن میں ہلاک ہونے دو چینی بھی شامل تھے تاہم مذکورہ چینی باشندے انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی اے آر کے کے مالک کوریا کے شہری جوان وان سیو سے اردو سیکھنے کے بہانے کوئٹہ چلے گئے اور تبلیغی سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے۔

وزیرداخلہ نے چینی باشندوں کی ہلاکت کا واقعہ بزنس ویزے کے غلط استعمال کے باعث قرار دیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کو معاملے کی تحقیقات اور ویزوں کے غلط استعمال کی روک تھام کی ہدایت کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ چینی باشندوں پر بھی پر لازم ہے کہ وہ ویزہ قوائد کا پاس کریں۔

خیال رہے کہ چینی جوڑے 24 سالہ زنگ یانگ اور 26 سالہ خاتون مینگ لی سی کو 24 مئی کو کوئٹہ کے جناح ٹاؤن سےاغوا کیا گیا تھا جبکہ داعش نے دونوں چینیوں کو قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی اور وزارت داخلہ نے ان کے قتل کی تصدیق کردی۔

مزید پڑھیں:مغوی چینی شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں:دفتر خارجہ

چوہدری نثار نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی مشن غیرملکوں کو ویزہ کے اجرا سے قبل کوائف کی بھرپور جانچ پڑتال کرے اور ویزوں کے اجرا اور پالیسی پر وزارت خارجہ کو بھی پالیسی سازی میں شامل کیا جائے۔

بین الاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن زیر بحث

اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے ترتیب دیے گئے نئے منصوبے کے تحت انٹرنیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن پر بھی نظر ثانی کی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تاحال 66 بین الاقوامی این جی اوز کو باقاعدہ طور پر رجسٹر کیا گیا ہے۔

وزیرداخلہ نے وزارت کو ان این جی اوز سے معلومات کے حصول میں تیزی لانے کی ہدایت کی جنھوں نے اب تک مکمل معلومات فراہم نہیں کیں تاکہ ان کی رجسٹریشن کے حوالے سے فیصلہ کیا جاسکے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ بین الاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن کے معاملے کو جولائی کے اختتام تک مکمل ہونا چاہیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں