’نواز شریف نے بھائی کو نامزد کرکے جمہوریت کا مذاق اڑایا‘
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اپنے بھائی شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کر کے جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’نواز شریف کا مظلومیت کا کارڈ کھیلنا شرمناک ہے، حالانکہ ان کے خلاف نیب کو کئی ریفرنسز بھیجے گئے ہیں اور عدالت میں وہ جھوٹ بولنے کے مجرم قرار پائے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف اپنے بھائی کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کر کے پوری قوم اور جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں، سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا ہے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اتوار کے روز جب عوام کا ہجوم ہمارے جلسے میں آئے گا تب نواز شریف کو احساس ہوگا کہ قوم سیاسی طور پر بیدار ہوچکی ہے اور اب اسے جھوٹ سے بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف صرف اپنے کرپٹ ساتھیوں پر بھروسہ کر سکتے ہیں جس کی تازہ مثال شاہد خاقان عباسی ہیں، جو 2 ارب ڈالر کے ایل این جی اسکینڈل میں ملوث ہیں۔‘
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے غیر رسمی مشاورتی اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مستقل جبکہ سابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے شاہد خاقان عباسی کو عبوری اور شہباز شریف کو مستقل وزیر اعظم بنانے کے فیصلے کی توثیق کردی۔










لائیو ٹی وی