• KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C
  • KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C

کرائے کی موٹرسائیکل فراہم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

شائع August 11, 2017

راولپنڈی: پنجاب حکومت نے صوبائی پولیس کو کرائے پر موٹرسائیکل فراہم کرنے کے بزنس کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کردی۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے یہ ہدایات حال ہی میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں کے بعد جاری کی گئیں، جن میں ملزمان نے کرائے کی موٹرسائیکلوں کا استعمال کیا۔

دوسری جانب پولیس کو بھی شہر میں نقل و حرکت کے دوران خصوصاً فنکشنز اور رش والے مقامات پر جاتے ہوئے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔

جبکہ پولیس اہلکاروں کو صبح کے اوقات میں ڈیوٹی کے لیے جاتے ہوئے اور گھر واپسی کے وقت بھی احتیاط کرنے کو کہا گیا۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملوں کے لیے کرائے کی موٹرسائیکلوں کے استعمال کا تدارک کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی اور کنٹونمنٹ علاقوں میں کرائے کی موٹرسائیکلیں فراہم کرنے کا بزنس عروج پر ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ: ڈی ایس پی ٹریفک اور کانسٹیبل شہید

ایک علاقہ مکین نے بتایا کہ 100 روپے فی گھنٹہ کے ریٹ پر موٹر سائیکل کرائے پر دی جاتی ہے، جبکہ عمومی تاثر یہی ہے کہ کرائے پر حاصل کی گئیں بیشتر موٹرسائیکلیں جرائم میں استعمال کی جاتی ہیں۔

رواں برس 10 جولائی کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن میں ایک دھماکے کے نتیجے میں قلعہ عبداللہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ساجد مہمند اور ان کے گارڈ جاں بحق ہوگئے تھے۔

تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ ڈی پی او اور ان کے گارڈ کی ہلاکت خودکش حملے میں ہوئی جبکہ خودکش بمبار نے اپنی موٹرسائیکل پر ڈی پی او کا تعاقب کیا تھا۔

گذشتہ ماہ 13 جولائی کو کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) قائد آباد مبارک شاہ سمیت 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

اس واقعے کے ملزمان بھی موٹرسائیکل پر سوار تھے اور فائرنگ کا واقعہ صبح کے وقت پیش آیا۔

بعدازاں 17 جولائی کو صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے حیات آباد میں فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کی وین پر حملے کے نتیجے میں میجر جمال سمیت 4 ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی حال ہی میں پولیس اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں پر حملہ کرنے والے ملزمان موٹرسائیکل پر ہی سوار تھے۔

دوسری جانب اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہائی رسک علاقوں میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025