• KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.1°C
  • KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.1°C

گلوکار بلال خان کی 'اپنے انتقال کی خبر' پر وضاحت

شائع August 21, 2017 اپ ڈیٹ August 21, 2017 03:19pm
پاکستانی گلوکار بلال خان اپنے گانے ’بچانا‘ سے مقبول ہوئے — ۔ فائل فوٹو
پاکستانی گلوکار بلال خان اپنے گانے ’بچانا‘ سے مقبول ہوئے — ۔ فائل فوٹو

ہندوستان میں تو ایسا کئی مرتبہ ہوا ہے جب کسی نامور شخصیت کے انتقال کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، تاہم اب ان جھوٹی افواہوں کا سامنا پاکستانی گلوکار بلال خان کو بھی کرنا پڑ گیا۔

حال ہی میں پاکستان کے ایک روزنامہ اخبار میں ایک مضمون شائع ہوا جس میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ان افراد کا ذکر کیا گیا جو اپنے کریئر کے عروج پر کم عمری میں ہی دنیا سے رخصت ہوگئے، ان میں قوال امجد صابری، گلوکارہ نازیہ حسن، اداکارہ ثنا خان، ماڈل قندیل بلوچ اور اداکار بلال خان شامل ہیں۔

تاہم حیران کن بات یہ تھی کہ اس مضمون میں اداکار بلال خان کی جگہ گلوکار بلال خان کی تصویر شائع کردی گئی، جس کے بعد شائقین میں بے چینی پھیل گئی۔

تاہم گلوکار نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مذکورہ اخبار کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اسے 'جھوٹی خبر' قرار دیا اور وضاحت کرتے ہوئے لکھا ’92 نیوز کا دعویٰ ہے کہ میرا انتقال ہوگیا، لیکن ایسا نہیں ہے، میں زندہ ہوں‘۔

اداکار بلال خان —فوٹو/ وکی پیڈیا
اداکار بلال خان —فوٹو/ وکی پیڈیا

اگر اس خبر پر غور کیا جائے تو دراصل یہاں اداکار بلال خان کا ذکر کیا جارہا تھا جن کا انتقال 2010 میں 31 سال کی عمر میں ایک حادثے میں ہوا۔

بلال خان اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ماڈل بھی تھے جنہوں نے کئی مقبول ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے۔

انہوں نے 2002 میں ’پہلا سجدہ‘ نامی فلم کے ساتھ لولی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ غلطی صرف مذکورہ اخبار میں ہی نہیں کی گئی، بلکہ اگر آپ گوگل پر اداکار بلال خان کو سرچ کریں تو ان کے انتقال کی خبر کے ساتھ گلوکار بلال خان کی تصویر سامنے آجائے گی۔

خیال رہے کہ اپنے گانے 'بچانا' سے مقبول ہونے والے گلوکار بلال خان نے حال ہی میں ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے ’سمی‘ میں کام کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 2 اپریل 2026
کارٹون : 1 اپریل 2026