لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبیونل نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر تمام اپیلیں مسترد کردیں۔

واضح رہے کہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) نے درخواستیں دائر کی تھیں۔

لاہورہائی کورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل 2 رکنی اپیلٹ ٹریبیونل نے کلثوم نواز کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران پی ٹی آئی،پیپلز پارٹی اور عوامی تحریک کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ بیگم کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں اپنی آمدن اور اثاثے ظاہر نہیں کیے اور خود کو نواز شریف کی زیر کفالت ظاہر کیا مگر وہ کئی کمپنیوں میں شیئر ہولڈر ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے کلثوم نوازکے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کردیا

اپوزیشن جماعتوں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ بیگم کلثوم نواز نے زرعی انکم ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی، انہوں نے اقامہ تو ظاہر کیا مگر تنخواہ کی رسید اور اس سے ہونے والی بچت کو ظاہر نہیں کیا۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز نے مری کی رہائش گاہ میں موجود فرنیچر اور دیگر گھریلو اشیاء کا کوئی ذکر نہیں کیا، بیگم کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے۔

مزید کہا گیا کہ سندھ میں ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج ہے جس میں بیگم کلثوم نواز مفرور ہیں۔

سماعت کے بعد اپیلٹ ٹریبیونل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر کلثوم نواز کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہے یا وہ عدالتی اشتہاری ہیں تو ٹریبیونل کو اس کا تحریری ثبوت دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 120 ضمنی انتخاب: کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور

ٹریبیونل کا مزید کہنا تھا کہ ایک شئیر ہولڈر کمپنی کا مالک کیسے ہو سکتا ہے، الزام لگانے سے کوئی مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ٹریبیونل نے نیب اور دیگر اداروں سے رپورٹس طلب کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹریبیونل کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا کوئی اختیار نہیں۔

بعدازاں ٹریبیونل نے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف تمام اپیلوں کو مسترد کردیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے لیگی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی 17 اگست کو منظور کیے تھے۔

کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی پر حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد کی جانب سے اعتراضات لگائے گئے تھے، تاہم الیکشن کمیشن نے تمام اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 120 میں ضمنی الیکشن 17 ستمبر کو ہوگا

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق امیدوار 25 اگست تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں اور حتمی فہرست 26 اگست کو جاری کی جائے گی۔

یاد رہے کہ یہ نشست سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر ضمنی الیکشن 17 ستمبر کو ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں