• KHI: Partly Cloudy 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.4°C

چین کا پاکستان کی افغان پالیسی کی حمایت کا اعادہ

شائع August 28, 2017

چینی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان سفیر ڈینگ شی جن نے سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کے دوران افغانستان میں امن کے قیام کے لیے پاکستانی اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

وزارت خارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق چینی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان نے سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی جہاں افغانستان میں پائیدار امن کے لیے خطے اور عالمی کوششوں کو زیر بحث لایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل فوجی آپریشن میں مضمر نہیں بلکہ قیام امن خود افغانیوں کی سربراہی میں سیاسی بات چیت سے ہی ممکن ہے۔

چینی نمائندہ خصوصی نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی اور کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔

مزید پڑھیں:ٹرمپ کے الزامات:چین کا پاکستان کی بھر پورحمایت کے عزم کا اعادہ

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے 'خطے میں امن واستحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے' پاکستان اور چین کے آپس میں قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا جبکہ اپنے بیجنگ کے حالیہ دورے میں ہونے والے 'موثر اجلاسوں' کی یاد دہانی کرادی۔

وزارت خارجہ کے اعلامیے کے مطابق دونوں نمائندوں نے تعاون کو مضبوط کرنے کے ساتھ 'افغانستان میں امن اور بحالی کے علاوہ تینوں ہمسایہ ممالک کے ساتھ موثر شراکت داری' کے حوالے سے اتفاق کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے خلاف الزامات لگانے کے بعد چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کی بھر پورحمایت کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے دورہ چین کے دوران وانگ ای سے ملاقات کی، جہاں دونوں ممالک نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر رضامندی کا اظہار کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ملاقات میں افغانستان کے علاوہ کشمیر، عالمی امور اور خطے کی سیکیورٹی کی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔

چین کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں اور عالمی برداری پاکستان کی ان کوششوں کو مکمل طور پر تسلیم کرے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025