وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے خود کو قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 لاہور کی انتخابی مہم سے دور رکھا ہوا ہے۔

پنجاب حکومت کے سینیئر حکام نے ڈان کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف لندن سے آج (14 سمتبر) کو وطن واپس آرہے ہیں جبکہ وہ ممکنہ طور پر آج ہی ترکی کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ترکی سے اتوار 17 ستمبر کی شام کو واپس پاکستان آئیں گے۔

مزید پڑھیں: 'این اے-120 میں انتخاب سے قبل دھاندلی عروج پر'

خیال رہے کہ شہباز شریف نے صحت کے حوالے سے ایک کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے لندن میں اپنے قیام کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپوزیشن کی جانب سے مریم نواز کی انتخابی مہم میں حکومتی مشینری کے استعمال کی تنقید کا شکار نہیں ہونا چاہتے۔

لاہور کے حلقہ این اے 120 میں انتخابی مہم کے آغاز سے قبل ہی حمزہ شہباز لندن روانہ ہوگئے تھے اور مریم نواز کو حلقے میں انتخابی مہم چلانے کے لیے مکمل اختیارات دے دیے تھے، تاہم ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حمزہ شہباز بھی انتخاب کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔

حمزہ شہباز نے این اے 120 کے انتخاب کے علاوہ گذشتہ 4 برسوں کے دوران صوبے کے تمام انتخابات کی نگرانی کی تھی۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو پی) پاکستان کے صدر پیر اعجاز ہاشمی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’میں پورے شریف خاندان کی نمائندگی کر رہی ہوں، میرے والد (نواز شریف) اور چچا (شہباز شریف) ملک سے باہر ہیں لیکن میری حمایت کر رہے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: والدہ کو کینسر کی تشخیص کے بعد مریم نواز انتخابی مہم چلائیں گی

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اپنے والد کے لیے اسی حلقے میں انتخابی مہم چلانے کا تجربہ تھا لیکن اس وقت ان کی والدہ کلثوم نواز کی انتخابی مہم کو حلقے کے لوگ چلا رہے ہیں۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے پنجاب کے تمام وزراء کو انتخابی مہم میں مریم نواز کی مدد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

لاہور کے حلقہ این اے 120 کی انتخابی مہم کے دوران مریم نواز کے ہمراہ وفاقی اور صوبائی وزراء بھی دکھائی دیے بعد ازاں الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اور رکن صوبائی اسمبلی ماجد ظہور کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کیے۔


یہ خبر 14 ستمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں