بس کی ٹکر سےطالبعلم جاں بحق، طلباء نے 4 بسیں جلادیں

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2017
سرگودھا روڈ پر بس میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے — فوٹو: ڈان نیوز
سرگودھا روڈ پر بس میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے — فوٹو: ڈان نیوز

فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے طالب علم کی ہلاکت کے بعد مشتعل طلباء نے حادثے کی ذمہ دار بس سمیت 4 گاڑیوں کو نذر آتش کردیا۔

پولیس کے مطابق سرگودھا روڈ پر ایک تیز رفتار بس نے طالب علم کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

نوجوان طالب علم کی ہلاکت پر ساتھی طلباء نے سرگودھا روڈ پر احتجاج کیا اور حادثے کی ذمہ دار بس کو آگ لگا کر دیگر گاڑیوں میں بھی توڑ پھوڑ شروع کردی۔

مشتعل طلباء احتجاج کررہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
مشتعل طلباء احتجاج کررہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

پولیس کے مطابق مشتعل طلباء نے احتجاج کے دوران مزید 3 بسوں کو آگ لگائی اور آگ بجھانے کے لیے آنے والے فائر بریگیڈ کے عملے اور پولیس پر پتھراؤ کیا اور انہیں آگے جانے سے روک دیا۔

بعد ازاں پولیس نے مشتعل طلباء پر لاٹھی چارج کیا اور انہیں منشتر کرکے بسوں میں لگی آگ پر قابو پالیا۔

پولیس نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والا حیدر نامی نوجوان سیکنڈ ایئر کا طالب علم تھا۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر پولیس نے متعدد طلباء کو گرفتار بھی کیا۔

مشتعل طلباء کی جانب سے بسوں کو آگ لگائے جانے کے واقعے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے لاری اڈے پر ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کردیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوکر رہ گئی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث طالب علموں کو گرفتار کرکے جلنے والی بسوں کا معاوضہ دیا جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں