وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی کالعدم تنظیم داعش کا جھنڈا لہرانے کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق اسلام آباد میں داعش کا جھنڈا لہرانے کا مقدمہ نمبر 356 تھانہ کھنہ میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات 7 اے ٹی اے اور جی 11 شامل کیں گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق تھانہ کھنّہ میں واقعے کا مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر سیل کر دی گئی۔

حکام نے بتایا کہ چونکہ کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی، اس لیے ایف آئی آر کو سیل کردیا گیا جبکہ پولیس مذکورہ کیس کی تحقیقات جاری رکھے گی اور ثبوت سامنے آنے کے بعد ایف آئی آر کو دوبارہ کھول کر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں ایکسپریس ہائی وے پر نامعلوم افراد نے بین الاقوامی کالعدم دہشت گرد تنظیم داعش کا جھنڈا لہرا دیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیر داخلہ کا داعش کے پرچم لہرائے جانے کا نوٹس

بعد ازاں وزیر داخلہ احسن اقبال نے دارالحکومت اسلام آباد میں داعش کا جھنڈا لہرائے جانے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی تھی۔

دوسری جانب اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ جس پُل پر داعش کا جھنڈا لگایا گیا تھا اس کے قریب نصب سیف سٹی کیمرہ بند تھا۔

حکام کے مطابق سی ڈی اے کے تعمیراتی کام کے دوران کیمروں کا کنکشن منقطع ہوا، لیکن پولیس اس سے لاعلم رہی جبکہ سیف سٹی کنٹرول روم میں بیٹھے اہلکاروں نے بھی کیمروں کی بندش نظر انداز کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں