کراچی: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی پولیس مشتاق مہر کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر کے علاقے میں خواتین کو چاقو کے وار سے زخمی کرنے کے واقعات کی تحقیقات کے دوران 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے سے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نامعلوم ملزم کی جانب سے خواتین پر چاقو سے حملوں کے واقعات منظر عام پر آئے جس کی وجہ سے مقامی رہائشیوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔

ان واقعات کے سامنے آنے کے بعد پولیس نے مذکوہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: ’چاقو بردار‘ شخص کے حملے میں مزید 4 خواتین زخمی

ان واقعات کے حوالے سے 3 متاثرہ خواتین نے کراچی کے مختلف تھانوں میں 3 مقدمات درج کرائے، جن میں سے دو شارع فیصل تھانے اور ایک گلستان جوہر تھانے میں درج ہوا، متاثرہ خواتین کا کہنا تھا کہ ان پر ایک چاقو بردار موٹر سائیکل سوار شخص نے حملہ کیا۔

اے آئی جی کا کہنا تھا کہ پولیس نے ایک اہم ملزم سمیت 16 افراد کو گرفتار کرلیا۔

علاوہ ازیں ان واقعات کی رپورٹ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو بھی جمع کرائی گئی، جنہوں نے گذشتہ ہفتے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’یہ کیا ہورہا ہے اور پولیس کیوں ان شرپسندوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے‘، ان کا مزید کہنا تھا کہ بظاہر یہ حملے شہر میں خوف و ہراس اور افراتفری پیدا کرنے کے لیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: خواتین پر حملے کے شبے میں 6 افراد گرفتار

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے حملہ آوروں کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے لیے 5 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

گذشتہ روز عزیز بھٹی اور شارع فیصل تھانوں کی حدود میں ’چاقو بردار‘ شخص کے حملے میں مزید 4 خواتین زخمی ہوگئی تھیں۔

ان حملوں کے بعد کراچی میں چاقو کے حملے سے متاثرہ خواتین کی تعداد 10 ہوگئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں