’گول مال اگین‘ تین دن میں ہی ایک سو کروڑ کلب میں شامل
تین دن قبل یعنی 20 اکتوبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جانے والی بولی وڈ ایکشن کامیڈی فلم ’گول مال اگین‘ نے مختصر مدت میں ایک سو کروڑ سے زائد کی رقم بٹور کر نیا اعزاز حاصل کرلیا۔
اجے دیو گن، ارشد وارثی، تبو اور پرینیتی چوپڑا کی فلم ’گول مال اگین‘ نے تین دن کے اندر بھارت سمیت دنیا بھر سے 112 کروڑ بھارتی روپے بٹور لیے۔
فلم کی کامیابی کی تو پہلے ہی چہ مگوئیاں کی جارہی تھیں، تاہم اتنی مختصر مدت میں ’گول مال اگین‘ سو کروڑ کلب میں شامل ہوگی اس کی توقع کسی کو نہیں تھی۔
فوربز کے مطابق ’گول مال اگین‘ نے محض تین دن کے اندر 90 کروڑ روپے بھارت جب کہ کم سے کم 22 کروڑ روپے بیرون ممالک سے بٹورے۔
یہ بھی پڑھیں: کامیڈی ایکشن فلم ’گول مال اگین‘ ریلیز
کامیڈی فلم سیریز کی اتنی تیزی سے ایک سو کروڑ کلب میں شامل ہونے کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ’گول مال اگین‘ گزشتہ ماہ 29 ستمبر کو ریلیز ہونے والی کامیڈی ایکشن فلم ’جڑواں 2‘ کا بھی ریکارڈ توڑ دے گی۔
’گول مال اگین‘ کو عامر خان کی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ سے ایک دن بعد میں ریلیز کیا گیا تھا، اجے دیوگن اور مسٹر پرفیکشنسٹ کی فلموں میں پہلے ہی مقابلے کی چہ مگوئیاں کی جارہی تھیں۔
دوسری جانب ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ ابتدائی چار دن میں دنیا سے 40 کروڑ بھارتی روپے بٹورنے میں ہی کامیاب ہوسکی ہے۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ عامر خان کی ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ اجے دیوگن کی ’گول مال اگین‘ کے مقابلے تیزی سے اور زیادہ بزنس کرنے میں کامیاب جائے گی، تاہم ابتدائی تین میں ’گول مال اگین‘ نے بازی جیت لی۔
خیال رہے کہ ’گول مال اگین‘ سیریز کی چوتھی فلم ہے، اس سیریز کی پہلی فلم 2006، دوسری 2008، تیسری 2010 اور چوتھی اب 20 اکتوبر 2017 کو سات سال بعد ریلیز کی گئی۔
مزید پڑھیں: عامر خان اور اجے دیوگن کا باکس آفس پر ٹکراؤ
فلم ساز روہت شیٹھی کی اس سیریز فلم کی چاروں فلموں اجے دیوگن، ارشد وارثی، توشار کپور، کنال کھیمو اور شیریاس تلپاڑے نظر آئے، لیکن فلم کی ہیروئنز کو تبدیل کیا جاتا رہا۔
کرینہ کپور واحد ہیروئن ہیں جو گول مال سیریز کی مسسلسل 2 فلموں میں نظر آئیں، بولی وڈ بے بو گول مال 2 اور گول مال تھری میں نظر آئیں تھیں، پہلی بار پرینیتی چوپڑا اور تبو سیریز کی چوتھی فلم کا حصہ بنی ہیں۔











لائیو ٹی وی