سسیلین مافیا کا ’بیسٹ‘ توتو رینا چل بسا

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2017
توتو رینا — فوٹو: اے ایف پی
توتو رینا — فوٹو: اے ایف پی

سسیلین مافیا کی تاریخ کا سب سے خوفناک گاڈ فادر اور سابق ’باس آف باسز‘ توتو رینا کینسر سے لڑائی ہارتے ہوئے چل بسا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق توتو رینا، جسے 150 سے زائد افراد کے قتل کا حکم دینے پر 26 بار عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، دو آپریشنز کے بعد صحت کی خرابی کے باعث کوما میں تھا۔

87 سالہ توتو رینا کی موت شمالی اٹلی کے ہسپتال کے قیدیوں کے ونگ میں واقع ہوئی۔

اپنے ظلم کی وجہ سے ’دی بیسٹ‘ کے نام سے پہچانے جانے والا سلواٹور ’توتو‘ رینا اطالوی جزیرے کے طاقتور اور منظم مجرمانہ کارروائیاں کرنے والے گروپ ’کوسا نوسترا‘ کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد کئی دہائیوں تک دہشت و خوف کی سلطنت کی حکمرانی کرتا رہا۔

توتو رینا نے جن کے قتل کا حکم دیا ان میں 1992 میں انسداد مافیا ججز گیووانی فیلکونے اور پاؤلو بورسیلینو کا قتل بھی شامل ہے، جنہوں نے 1987 میں 300 سے زائد فسادیوں کے ٹرائل کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی: بدنام مافیا کے 2.2 ارب ڈالرز کے اثاثے منجمد

روزنامہ ’لا ریبپلیکا‘ کے مافیا ایکسپرٹ اتیلیو بولزونی کا کہنا تھا کہ ’توتو رینا کو تاریخ میں کوسا نوسترا کو تباہ کرنے والے شخص کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’توتو رینا، سِسیلی سمیت پورے اٹلی میں خونی قتل عام کی حکمت عملی کے ذریعے پوشیدہ مافیا کو سب کے سامنے لے آیا اور سیکڑوں، ہزاروں افراد کا پہلے کلاشنکوف اور پھر بموں سے قتل کیا گیا۔‘

’خطرہ کم نہیں ہوا‘

تاہم دیگر انسداد مافیا ماہرین نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ’سابق سپر باس کی موت کا مطلب کوسا نوسترا کا خاتمہ نہیں۔‘

اٹلی کے وزیر داخلہ آندریا اورلانڈو کا کہنا تھا کہ ’اگرچہ توتو رینا کی موت سے خون خرابے میں کمی آسکتی ہے لیکن اب بھی خطرہ کم نہیں ہوا، مافیا جانتی ہے کہ اسے اس صورتحال سے کیسے نمٹنا ہے اس لیے ہمیں اپنی حفاظت کو کم نہیں کرنا چاہیے۔‘

توتو رینا کے اہلخانہ کو اس کی موت سے ایک روز قبل آخری ملاقات کی اجازت دی گئی، تاہم اطالوی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود توتو کی بیوی اور بچوں میں سے کوئی اس سے ملنے نہیں آیا۔

اٹلی کے بشپوں نے سفاک انسان کی آخری رسومات عوامی چرچ میں ادا کرنے سے انکار کردیا۔

توتو رینا 16 نومبر 1930 کو کسان گھرانے میں پیدا ہوا اور فرانسس فورڈ کوپولا کی مشہور زمانہ ڈرامہ سیریز ’گاڈ فادر‘ کے نام سے مقبول ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں