اگر آپ بھی بہتر شعبے اور نوکری حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں تو ڈان بلاگز آپ کے لیے ’بلاگ سیریز‘ شروع کررہا ہے، جس میں تمام مسائل کا حل پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ سیریز کا دوسرا بلاگ ہے۔ پہلا بلاگ یہاں پڑھیے۔


چند دن قبل ایک انجینئر دوست سے ملاقات ہوئی، باتوں باتوں میں معلوم ہوا کہ محترم بس کچھ ہی دن میں پاس آؤٹ ہونے والے ہیں۔ جب پوچھا کہ ملازمت کے حوالے سے کیا پلاننگ ہے؟ کہاں کہاں اپلائی کیا؟ تو فخر سے جواب دیا بہت سی جگہوں پر کیا ہے اور ساتھ ہی ایک شکوہ بھی جوڑ دیا کہ مگر کہیں سے کوئی جواب نہیں آیا۔

تھوڑا اور کریدا کہ یہ ’بہت جگہوں‘ سے کیا مراد ہے؟

تو جواب ملا کہ پوری 10 جگہوں پر اپلائی کرچکا ہوں۔ 10 کا ہندسہ سن کر مجھے رحم تو بہت آیا مگر محترم کے سنجیدہ رویے پر کہا کہ دوست یہ جو 10 ہے اِس کے ساتھ ایک اور زیرو لگاؤ، پھر کہنا بہت سی جگہیں۔

میرے ایسا کہنے کی وجہ صاف تھی، اگر تو آپ ایک غیر معمولی طالب علم رہے ہیں جیسے پوزیشن ہولڈر یا کوئی اسکالرشپ ہولڈر، پھر تو کمپنیاں خود ہی آپ سے رابطہ کرلیتی ہیں، لیکن اگر ایسا نہیں ہے اور آپ ایک اوسط طالب علم ہیں تو پھر آپ کو ملازمت حاصل کرنے کے لیے کافی محنت کرنی پڑے گی، کیونکہ حقیقت یہی ہے کہ موجودہ مارکیٹ میں نوکری کے لیے مقابلہ بہت سخت ہے، لہٰذا آپ کو ملازمت کے لیے اپلائی کرنے کے حوالے سے مختلف طریقوں کی معلومات ہونا بہت ضروری ہیں تاکہ آپ اپنے انٹرویو کے مواقع بڑھا سکیں۔ درج ذیل میں ہم چند ایسے ہی طریقے بتا رہے ہیں جو آپ کو ملازمت کے حصول میں مددگار ثابت ہوں گے۔

مزید پڑھیے: نوکری کا حصول: چھ بہترین تجاویز

براہِ راست اپلائی کرنا

آپ کو سب سے پہلے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ آپ نے جس شعبے میں گریجوئیشن کیا ہے اُس کا استعمال کہاں کہاں پر ہے۔ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ کم فہمی کی وجہ سے ہم اپنے ذہن میں ایک محدود دائرہ بنا لیتے ہیں، اور اُسی حساب سے ملازمت تلاش کرتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے آپشنز بھی محدود ہوجاتے ہیں۔ لہٰذا سب سے پہلے اِس بات پر تحقیق کریں کہ آپ نے جس شعبے یا مضمون کی تعلیم حاصل کی ہے اُس کا استعمال کہاں کہاں پر ہے۔ پھر آپ ایسی تمام متعلقہ کمپنیوں یا اداروں کی ایک فہرست تیار کریں جہاں آپ کے شعبے کا کام موجود ہے، یوں آپ کے پاس ایک وسیع فہرست تیار ہوجائے گی۔ آپ باری باری اُن تمام کمپنیوں یا اداروں کی ویب سائٹس پر جاکر ملازمتوں کے مواقع تلاش کرسکتے ہیں اور خالی آسامیوں پر اپلائی کرسکتے ہیں۔

ایک دوسرا طریقہ بھی ہے جس پر عمل کیا جاسکتا ہے۔ بہت سی کمپنیوں کی پالیسی یہ ہوتی ہے کہ جب بھی کوئی آسامی خالی ہوتی ہے تو وہ انہیں موصول ہونے والی تمام سی ویز کا ریکارڈ اپنے ڈیٹا بینک میں محفوظ کرلیتی ہیں تاکہ کسی صورت اگر وہی یا کوئی دوسری آسامی خالی ہو تو اُنہیں نئے سرے سے تمام سی وی دوبارہ جمع نہ کرنی پڑیں بلکہ ڈیٹا بینک میں سے ہی کسی ایک کو چن لیا جائے یوں اُنہیں اپنا مطلوبہ اُمیدوار اُسی ڈیٹا بینک سے حاصل ہوجاتا ہے۔

اِس طریقے پر عمل کرنے کے لیے آپ کے پاس کمپنیوں کے ای میل ایڈریسز کا ہونا ضروری ہے، یوں آپ جب اِن کمپنیوں کو ای میل کریں گے تو چند جگہوں سے آپ کو جواب موصول ہوگا کہ آسامی بھری جاچکی ہے یا پھر کوئی آسامی خالی نہیں ہے لیکن آپ کی معلومات آئندہ آنے والی خالی آسامی کے لیے ڈیٹا بینک میں محفوظ رکھی جا رہی ہیں اور حسبِ ضرورت آپ سے دوبارہ رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

یہ طریقہ اس قدر کارگر ہے کہ مجھے خود بہت سی ایسی کمپنیوں کی جانب سے انٹرویو کالز آئیں جہاں میں نے دو سے تین سال قبل سی وی بھیجی تھی۔ اس طریقے کے تحت کمپنی کی جانب سے فوراً انٹرویو کال آنے کا امکان کم ہوتا ہے کیونکہ کمیونیکیشن (مواصلات) کی زبان میں اس طرح کی ای میل کو اَن سولیسیسیٹ ایمیل (بن مانگی ای میل) کہا جاتا ہے یعنی کہ کسی کے گھر بغیر دعوت پہنچ جانا، ظاہر سی بات ہے وہ یا تو آپ کا خیال کرے گا یا پھر نظر انداز۔ لیکن فائدہ یہ ہوگا کہ آپ کی سی وی ان کے ڈیٹا بینک میں موجود رہے گی جو کہ مستقبل کی آسامیوں کے لیے کام آسکتی ہے۔

مزید پڑھیے: نوکری چھوڑتے وقت ان 11 غلطیوں سے بچیں

اخبارات

اخبارات پر آسامیاں تلاش کرنا سب سے پُرانا اور آزمودہ طریقہ ہے۔ اخبارات میں آئی ہوئی آسامیوں پر اگر اپلائی کیا جائے تو ادارے جواب بھی فوراً دیتے ہیں کیونکہ ایک کمپنی صرف اُس وقت ہی اخبارات میں اشتہار دیتی ہے جب اُنہیں آسامی پر کسی فرد کی اشد ضرورت ہو لہٰذا نوکری کی تلاش کے لیے اخبارات کا استعمال کرنا بہت سودمند ثابت ہوسکتا ہے۔

اتوار کو آنے والے اردو اور انگریزی اخبارات میں موجود ملازمتوں کے صفحے پر تمام اشتہارات کو ایک ایک کرکے بغور پڑھیں اور اُس میں اپنی تعلیم کے متعلقہ شعبے کی ملازمت تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ یہاں یہ بھی بتاتا چلوں کہ کئی لوگ بڑے اشتہار تو پڑھتے ہیں لیکن چھوٹے یعنی کلاسیفائڈ کو نظر انداز کردیتے ہیں، حالانکہ اُن میں بھی ایسی کئی آسامیاں موجود ہوسکتی ہیں جو آپ کی تعلیمی قابلیت اور تجربے پر پورا اترتی ہیں، لہٰذا یاد رکھیں کہ ہر اشتہار اہم ہے!

ایک اور ضروری بات یہ کہ اخبارات میں مختلف اشتہارات کے ساتھ مختصراً ملازمت سے متعلق ذمہ داریاں بھی لکھی ہوتی ہیں (جسے جاب ڈسکرپشن بھی کہا جاتا ہے) اگر کسی اشتہار کے ساتھ ایسی مزید معلومات درج ہیں اور آپ کے پاس مطلوبہ تجربہ اور قابلیت ہے تو اپنی سی وی میں ضرور شامل کریں اور ملازمت کے حصول کے لیے اپنے چانسز بڑھائیں۔ اِس حوالے سے مزید معلومات اگلے بلاگ میں کریں گے جہاں انشاء اللہ ہم سی وی کو بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف طریقوں پر بات کریں گے۔

جاب پورٹل

جاب پورٹل دراصل وہ ویب سائٹس ہیں جو کمپنیوں اور ملازمت کے مُتلاشی افراد کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں۔ میں خود بھی جاب پورٹل کا کافی زیادہ استعمال کرتا ہوں اور مجھے اِس کا بہت فائدہ بھی حاصل ہوا ہے، کئی انٹریوز کے بلاوے مجھے اِنہی جاب پورٹلز کے ذریعے آئے ہیں۔

جب بھی کوئی ملازمت کے مواقع ڈھونڈنے کا طریقہ پوچھتا ہے تو میں اِن جاب پورٹلز کا مشورہ ضرور دیتا ہوں لیکن اکثر مجھے جواب ملتا ہے کہ جاب پورٹل مؤثر نہیں۔ دراصل یہاں مسئلہ جاب پورٹل کا نہیں ہے بلکہ اُن افراد کی پورٹل پر بنی پروفائل کا ہے۔ جب میں اُن افراد کی پروفائل کا معائنہ کرتا ہوں تو مجھے اُن کی پروفائل میں بہت سی کمیاں نظر آتی ہیں۔ اگر آپ ملازمت تلاش کرنے کے لیے جاب پورٹل کا استعمال کرنا چاہتے ہیں تو چند باتوں کا ضرور خیال رکھیں:

  • اپنی پروفائل پکچر ضرور لگائیں جوکہ ایک پروفیشنل پورٹریٹ ہو

  • اپنی پروفائل کو 100 فیصد مکمل کریں اُس میں ناکافی معلومات نہ ہوں

  • جو کچھ بھی لکھیں، ایمانداری کے ساتھ سچ لکھیں

  • تمام ٹیکسٹ میں کی ورڈ کا استعمال ضرور اور جا بجا کریں۔ (کی ورڈ وہ لفظ ہوتا ہے جو کہ آپ کی پوری جاب پروفائل کو ڈیفائن کرتا ہے جیسے ایچ آر، پے رول، کوالٹی، فارما، وغیرہ۔)

اگر آپ نے مذکورہ تمام شرائط پوری کی ہیں تو اِس کا مطلب آپ اِن جاب پورٹلز کا درست استعمال کر رہے ہیں اور یقیناً جب آپ اِس طریقے کے تحت ملازمت کے لیے اپلائی کریں گے تو آپ کو کمپنیوں یا اداروں کی جانب سے جواب ضرور موصول ہوگا، چند اہم جاب پورٹلز مندرجہ ذیل ہیں:

بیت ڈاٹ کام (Bayt.com) — مشرق وسطی میں جاب تلاش کرنے کے حوالے سے ایک مفید پلیٹ فارم ہے۔

روزی ڈاٹ پی کے (rozee.pk) — پاکستان میں ملازمت تلاش کرنے کے حوالے سے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔

لنکڈ ان ڈاٹ کام (linkedin.com) — جاب سرچ کے حوالے سے بھی اور انڈسٹری میں تعلقات بنانے کے حوالے سے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔ موجودہ دور میں ریفرنس بھی جاب کا ایک اہم ذریعہ ہے، لہٰذا آپ کے مختلف پروفیشنل افراد سے تعلقات آپ کو ایک اچھی ملازمت دلواسکتے ہیں۔

انڈیڈ ڈاٹ کام (Indeed.com) — اِس وقت سب سے بہترین جاب سرچ انجن ہے، آپ کی فیلڈ سے متعلقہ ملازمت دنیا میں کسی بھی ویب سائٹ پر موجود ہو (چاہے وہ کسی جاب پورٹل پر ہو یا پھر کسی کمپنی کی اپنی ویب سائٹ پر) یہ سرچ انجن اِس کا براہِ راست آن لائن لنک ڈھونڈ لاتا ہے۔

مزید پڑھیے: ہر نوکری چھوڑ دینے والے شخص کی کہانی

جاب فیئرز

جاب فیئرز میں آپ کو براہِ راست کمپنی کے نمائندوں سے ملنے اور بات کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔ آپ اُن سے ملاقات میں وہ اثر ڈال سکتے ہیں جو شاید سی وی اور کور لیٹر کے ذریعے ڈالنا ممکن نہ ہو۔ مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں کی جانب سے اپنے طلباء اور سابقین کے لیے اِس طرح کے جاب فیئرز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اگر آپ کی جامعہ میں کسی ایسے پروگرام کا انعقاد ہو رہا ہے تو اُس میں ضرور شرکت کریں۔

ذاتی روابط

موجودہ دور میں جس کے جتنے زیادہ اور مؤثر ذاتی روابط ہوں، وہ پروفیشنل دنیا میں اتنا ہی کامیاب ہے۔ ملازمت کی تلاش کے معاملے میں بھی ایسا ہی ہے۔ بہت سی موجودہ کمپنیوں کی پالیسیوں کے مطابق وہ اُن افراد کو ترجیح دیتی ہیں جن کا اُن کی کمپنی میں کام کرنے والے کسی ملازم سے ربط ہو تاکہ پسِ منظر کی چھان بین کرنے میں آسانی رہے، لہٰذا اگر آپ کے پاس کسی بھی کمپنی کے ملازم کا ریفرنس ہے تو آپ کمپنی کی نظر میں ایک قابل ترجیح فرد ہوسکتے ہیں۔ لہٰذا جتنے زیادہ روابط اتنے زیادہ ملازمت کے مواقع!

اُمید ہے کہ جب آپ اِن طریقوں پر عمل کریں گے تو انٹرویو کال آنے کے مواقع اور امکانات مزید بڑھ جائیں گے۔ یہ بات یاد رکھیں کہ کسی بھی کام میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے مستقل مزاجی ضروری ہے، لہٰذا مذکورہ طریقوں کے ساتھ ملازمت کی تلاش مستقل طور پر جاری رکھیں، ایسا نہ ہو کہ ایک دو دفعہ کرنے پر اور اچھے نتائج نہ ملنے پر مایوس ہوجائیں، کوشش کرتے رہیں ایک دن ضرور آپ کا ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں