صوبہ سندھ کے علاقے کوٹری میں بولاہری روڈ پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے سندھ یونیورسٹی کے سینئر استاد پر حملہ کیا تاہم وہ محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق سندھ یونیورسٹی میں شعبہ انگریزی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن اپنے دوست کے ہمراہ کار میں یونیورسٹی کے ٹھٹھہ کیپمس جارہے تھے کہ موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی تاہم وہ اور ان کے دوست محفوظ رہے۔

جامشورو کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عرفان بہادر نے بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے اور وہ فائرنگ کرنے کے بعد جائے وقوع سے فرار ہو گئے۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ گولیوں نے کار کی ونڈ اسکرین کو نشانہ بنایا۔

ادھر سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد نے واقعے کی مزمت کرتے ہوئے فوری طور پر شرپسندوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

سندھ یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کی صدر ڈاکٹر عرفانہ ملاح نے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث افراد کو 72 گھنٹے میں گرفتار کیا جائے جبکہ یونیورسٹی کی انتظامیہ شرپسندوں کے خلاف بغیر کسی تاخیر کے کارروائی عمل میں لائے۔


یہ رپورٹ 3 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں