پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کا آغاز متوازن رجحان سے ہوا جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس 40 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 40 ہزار 50 پر بند ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ میں ابتدائی 30 منٹ میں زبردست کاروباری سرگرمی رہی اور 120 پوائنٹس اضافے کے ساتھ مارکیٹ دن کی بلند ترین سطح پر پہنچی اور 40131 پوائنٹس ریکارڈ کیے گئے تاہم یہ سلسلے جاری نہیں رہ سکا۔

مارکیٹ میں ابتدائی طور پر بلند سطح کے بعد تنزلی آئی اور مارکیٹ دن کی کم ترین سطح 39 ہزار 931 پوائنٹس تک پہنچی۔

پی ایس ایکس میں 9 کروڑ 66 لاکھ حصص کے 4 ارب 6 کروڑ مالیت کا لین دین ہوا اور مواصلات کا شعبہ 2 کروڑ 10 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ سرفہرست رہا جس کے بعد توانائی اور ڈسٹری بیوشن کا شعبہ رہا جس کا بالترتیب 86 لاکھ اور 80 لاکھ حصص کا لین دین ہوا۔

جے ایس گلوبل کی رپورٹ کے مطابق ٹی آرجی حصص کی خرید فروخت میں سرفہرست رہی، کے ای ایل دوسرے اور اے این ایل تیسرے نمبر پر رہی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ملا جلا رجحان

مجموعی طور پر 335 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 169 کے کاروبار میں بہتری، 146 کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 20 کمپنیوں کے کاروبار میں استحکام رہا۔

ٹی آر جی کے ایک کروڑ 63 حصص کا لین دین ہوا، توانائی کے شعبے میں سرفہرست کے الیکٹرک رہی جس کے 60 لاکھ حصص کی خرید وفروخت ہوئی اور ایزگارد نائن کے 51 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔

دوست اسٹیل لمیٹد کے 49 لاکھ اور ورلڈ کال ٹیلی کام کے 38 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔

خیال رہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مندی کا رجحان غالب رہا تھا اور سرمایہ کاری 40 ہزار پوائنٹس سے بھی نیچے گر گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں