جھنگ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ٹیکنوکریٹ سورماؤں نے 10 سال کے عرصے میں بھی ایسے منصوبے مکمل نہیں کیے جو ان کی حکومت اپنے اس دور میں کیے۔

جھنگ میں 12 سو 63 میگا واٹ کے پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انہیں اس منصوبے کا سنگِ بنیادرکھنے پر بے حد خوشی ہے، یہ ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے والا چوتھا منصوبہ ہے۔

تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت منصوبے شروع کرتی ہے اور اسے پایہ تکمیل تک بھی پہنچاتی ہے۔

مزکورہ منصوبے پر ان کا کہنا تھا کہ 14 ماہ بعد ہی جھنگ پاور منصوبے سے بجلی کی پیداوارشروع ہوجائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے میں 80 ارب روپے کی لاگت آرہی ہے جبکہ لیگی حکومت نے 20 ماہ کے اندر پاکستان میں بجلی کے 3 منصوبے مکمل کئے ہیں۔

اپنی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے اپنے دور میں کارکردگی دکھائی ہے تاہم ہمیں کسی پرالزام لگانے کی ضرورت نہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی پی حکومت نے رینٹل پاور منصوبوں پر کثیر رقم خرچ کی جبکہ اس سے ایک میگاواٹ بجلی بھی حاصل نہیں کی گئی۔

مزید پڑھیں: چین کی مدد سے پاکستان میں کول پاور پلانٹس کی تعمیر

انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دیگر جماعتیں آئینی ترمیم پر سینیٹ میں آنے پر تیار نہیں، اگر انتخابات نہیں ہوئے تو کسی کو بھی انتشار پھیلانے کا موقع مل سکتا ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین انتخابات سے بھاگتے ہیں لیکن صرف ایک جماعت ہے جو انتخابات کو وقت پر کروانا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی تائید حاصل کرنے والی جماعت ہی ملک کی ترقی کیلئے کام کرسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا خطاب

جھنگ پاور پروجیکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ‘رینٹل پاور پلانٹ منصوبے میں کرپشن کی گئی ہے، زرداری صاحب سن لیں اگر عدالتوں اور نیب نے احتساب نہ کیا تو عوام آپ کا احتساب کریں گے‘۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب کے آغاز میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن انتہائی اہم ہے کیونکہ پنجاب میں ایک اور بڑے منصوبے کا آغاز ہورہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ توانائی کے منصوبے اس لیے بھی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ ان سے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہورہا ہے اور تمام ہی منصوبے ملک کو روشن کرنے میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 2015 میں پاکستان میں سی پیک کا بے مثال سفر شروع ہوا تھا اور گزشتہ چند سال کی کامیابیوں کے پیچھے لازوال محنت اور لگن شامل ہے۔

انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’مسلم لیگ (ن) کی جانب سے لگائے جانے والے بجلی منصوبوں کی اس طرح مخالفت کی گئی جیسے ہم ملک دشمنی کررہے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے پہلے ایل این جی پاور پلانٹ کا افتتاح

شہباز شریف نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ 2018 میں ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کردیں گے جسے انہوں نے پورا کردیا۔

کرپشن الزامات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’ہمارے منصوبوں میں کرپشن ہوتی تو میڈیا ہمیں کبھی نہیں بخشتا، اگر میں نے خیانت کی ہے تو پوری قوم مجھے پکڑے‘۔

پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت پر الزامات لگاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'اس ملک میں نندی پور منصوبے کی تحقیقات کون کرے گا؟، ہم نہیں بلکہ عدالت کہہ رہی ہے کہ بابر اعوان نے خیانت کی'۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر آصف علی زرداری کا احتساب نیب یا عدالتوں نے نہیں کیا تو وہ سن لیں، یہ قوم ایک دن ان کا احتساب کرے گی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہونے والوں نے قوم کا خون نچوڑ لیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Dec 09, 2017 08:27pm
وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنے خطاب کے آغاز میں یہ کہنا چاہیے تھا کہ آج کا دن انتہائی اہم ہے کیونکہ پاکستان (پنجاب نہیں) میں ایک اور بڑے منصوبے کا آغاز ہورہا ہے۔ خیرخواہ