• KHI: Partly Cloudy 20.2°C
  • LHR: Fog 9.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 20.2°C
  • LHR: Fog 9.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.1°C

یومِ قائد تقریب: تحریک انصاف کے دو گروہ میں تصادم

شائع December 25, 2017

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو دھڑوں کی قائدِ اعظم کے یومِ پیدائش کے حوالے سے ایک تقریب کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑے کی وجہ سے پارٹی قیادت کو تقریب چھوڑ کر جانا پڑگیا۔

تحریک انصاف لاہور ڈویژن کے صدر ولید اقبال کی جانب سے ایوانِ اقبال میں منعقد کی گئی قائد اعظم کے دن کے حوالے سے تقریب میں پارٹی رہنما علیم خان کو مدعو نہ کرنے پر ان کے حامیوں نے لاہور ڈویژن کے صدر ولید اقبال کے خلاف نعرے بازی کی جس کے بعد تقریب شور شرابے کے ساتھ بد نظمی کاشکار ہوگئی۔

پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے حامی کچھ کارکنان نے اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کی تاہم لاہور ڈویژن کے صدر کے حامی کارکنان کی جانب سے مزاحمت پر تصادم کا آغاذ ہوا۔

مزید پڑھیں: 'عمران خان، جسٹس (ر) وجیہہ الدین سے معافی مانگیں'

کارکنان کی جانب سے اس بد نظمی نے اسٹیج پر موجود تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی اور انفارمیشن سیکریٹری شفقت محمود اپنی تقریر کو مختصر کرکے تقریب سے رخصت ہونے پر مجبور کردیا۔

بعد ازاں ولید اقبال کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ علیم خان کو تقریب کے لیے دعوت نامہ ارسال کیا گیا تھا تاہم وہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے نہیں آسکے تھے۔

پریس ریلیز میں ولید اقبال کی جانب سے تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کو ای میل پر دیے گئے دعوت نامے کے اسکرین شاٹ بھی شامل کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا قبائلی عوام کے مستقبل کیلئے تاریخی احتجاج کا فیصلہ

رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے بھی ولید اقبال کی جانب سے کیے گئے دعوے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ 'علیم خان سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کو تقریب کے لیے دعوت نامے وصول ہوئے تھے تاہم تقریب میں شرکت کرنے والے اور شرکت نہ کرنے والے دونوں ہی رہنما میرے لیے قابلِ عزت ہیں۔

تحریک انصاف کے نائب چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس تقریب میں کسی گروہ کے لیے نہیں بلکہ جماعت کو متحد کرنے کے لیے آئے تھے۔

پنجاب کے سابق گورنر اور پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن جماعتوں میں گروہ بندی شروع ہوجائے وہ انتخابات میں اپنی جیت کا تصور بھی نہیں کرسکتیں۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے سابق عہدیدار کی نااہلی پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کا کہنا تھا کہ ' لگتا ہے کہ کارکنان اس بات پر ناراض تھے کہ اس تقریب میں ایسے افراد کو بلایا گیا جن کا پارٹی کی جدو جہد میں کوئی کردار نہیں تھا'۔

تاہم انہوں نے کارکنان سے درخواست کی کہ اپنا دل مضبوط رکھیں کیونکہ جماعت پر کنٹرول ان ہی کا رہے گا۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ حامد خان کا کہنا تھا کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے جماعت کے اندر یا باہر، اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔


یہ خبر 25 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025