اسلام آباد میں تھانہ لوئی بھیر کے حدود میں گیس سلنڈر دھماکے میں تین بچوں سمیت گھر کے دس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق زخمیوں کو فوری طورپر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق تھانہ لوئی بھیر کے علاقے میں پی ڈبلیو ڈی رہائشی اسکیم کے ایک گھر میں مزدور طبقے کا ایک خاندان رہائش پزیر ہے جنکی گھر میں رات کو گیس سلنڈر سے گیس لیک ہوتی رہی اور صبح جب چائے پکانے کیلئے ماچس کی تیلی جلائی تو دھماکہ ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں گھر کے دس افراد زخمی ہوگئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اطلاع ملنے پر فائر برگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں میں 26 برس کا حسن ،6 برس کا سلیمان ، 4 برس کی آمنہ بی بی ، 2 برس کی رمیشا ، 28 برس کی نسرین ، بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں مجموعی طور پر دس افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں طبعی امداد کیلئے پمز اسپتال میں منتقل کردیا ہے۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ پنجاب کے ضلع بھکر میں قبل گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ رونما ہوا تھا جو بعد میں قتل کی واردات نکلا اور ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا تھا جس کے بعد اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

واقعے کے بعد ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) کلور کوٹ اعجاز حسین شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ملزم شکیل نے اپنی بھابھی شرماں بی بی، 6 سالہ بھتیجی کومل اور 2 سالہ بھتیجے احباب علی کو موت کے گھاٹ اتارنے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کے لیے اس نے گیس سلنڈر سے گیس لیک کر کے اور پیٹرول چھڑک کر آگ لگا کر مقتولین کو زندہ جلا دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں