ویسے تو پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے گانوں کی وجہ سے متعدد بولی وڈ فلمیں کامیاب ہوئی ہیں، تاہم اب آنے والی کامیڈین فلم ’ویلکم ٹو نیو یارک‘ میں شامل ان کے نئے گانے ’اشتہار‘ نے آتے ہی دھوم مچادی۔

’اشتہار‘ کے ٹائیٹل سے ریلیز کیے گئے گانے میں بھارتی گلوکارہ دھوانی بھنسالی بھی راحت فتح علی خان کا ساتھ دے رہی ہیں، اور اس گانے کو ابتدائی 2 دن میں 63 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

چرن جیت چرن کی شاعری کو موسیقار شمیر ٹنڈن نے کمپوز کیا ہے، جب کہ گلوکارہ دھوانی بھنسالی پہلی بار کسی بولی وڈ فلم کے لیے ایک بہت بڑے گلوکار کے ساتھ گلوکاری کر رہی ہیں۔

ممبئی مرر کے مطابق راحت فتح علی خان نے دھوانی بھنسالی کی آواز کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب دھوانی بھنسالی اس خوشی میں پھولے نہیں سما رہیں کہ وہ بولی وڈ گلوکاری کی شروعات ایک بہت بڑے فنکار کے ساتھ کرنے جا رہی ہیں، انہوں نے راحت فتح علی خان کے ساتھ ’اشتہار‘ میں گلوکاری کرنے کو اپنا اعزاز قرار دیا۔

کامیڈین فلم ’ویلکم ٹو نیو یارک‘ کے اس قدرے ’سنجیدہ‘ اور رومانٹک گانے نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی اور اسے اب تک 63 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

19 سالہ دھوانی بھنسالی نے ٹی وی میوزک شو میں کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: پیپنگ مون
19 سالہ دھوانی بھنسالی نے ٹی وی میوزک شو میں کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: پیپنگ مون

خیال رہے کہ ’ویلکم ٹو نیویارک‘ کو رواں ماہ 23 فروری کو ریلیز کیا جائے گا، فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں فلم ساز کرن جوہر بھی ڈبل رول میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں سوناکشی سنہا، لارا دتا، بومن ایرانی، رتیش دیش مکھ اور دلجیت دوسانجھ سمیت دیگر شامل ہیں۔

فلم می سشانت سنگھ راجپوت سمیت دیگر کئی اداکاروں کو مختصر کرداروں میں بھی دکھائے جانے کا امکان ہے، کیوں کہ فلم کی کہانی امریکا میں ہونے والے بولی وڈ فلم ایوارڈ ’آئیفا‘ کے گرد گھومتی ہے۔

اگرچہ فلم کے مرکزی کردار سوناکشی سنہا اور دلجیت دوسانجھ نے ادا کیے ہیں، تاہم گزشتہ ماہ 18 جنوری کو کرن جوہر کی جانب سے کی جانے والی دلچسپ ٹوئیٹ میں فلم کی تمام کاسٹ میں دعویٰ کیا کہ وہی فلم کے مرکزی اداکار ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم میں سلمان خان اور شاہ رخ خان جیسے اداکاروں کی جھلک بھی دکھائی جائے گی۔

فلم کا پہلا ٹریلر گزشتہ ماہ 22 جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں