کراچی میں پاک بحریہ کے اسپیشل سروس گروپ اور رائل سعودی نیول فورسز کی اسپیشل آپریشن فورسز کے مابین ہونے والی پندرہ روزہ دو طرفہ بحری مشق افعی الساحل 4 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

پاک بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ مشق دونوں بحری افواج کے درمیان دوطرفہ بحری تعاون کی اہم علامت ہے۔

.فوٹو: پاک بحریہ
.فوٹو: پاک بحریہ

ان کا کہنا تھا کہ دونوں بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کا فروغ، پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ ، دفاعی تکنیک کی مشق اوربحری دہشت گردی کی روک تھام کے لیے آپریشنز کے حوالے سے پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ مشق کے بنیادی مقاصد تھے۔

ان کے مطابق بحری مشق افعی الساحل دو مراحل پر مشتمل تھی جن میں سے پہلے مرحلے میں زمینی سرگرمیاں شامل تھیں جس کے دوران چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ، اسنائپر فائرنگ، کلوز کوارٹر کمبیٹ، دشمن کے اہداف پر حملوں کی مشق کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں کیے جانے والے خصوصی آپریشنز اور دفاعی حکمت عملی کی ریہرسل کی گئی۔

.فوٹو: پاک بحریہ
.فوٹو: پاک بحریہ

انہوں نے بتایا کہ مشق کے دوسرے مرحلے کے دوران کھلے سمندر میں سمندری دہشت گردی، بحری قذاقی اورانسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اسپیشل میری ٹائم آپریشنز کیے گئے۔

اختتامی تقریب کے موقع پر رائل سعودی نیول فورسز کے اسپیشل آپریشن فورس کمانڈر ، کموڈور حمدان صالح الشہری بھی موجود تھے۔

اعلامیے کے مطابق تقریب کے مہمانان نے مشق میں شریک دونوں بحری افواج کی ٹیموں کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس مشق سے روایتی اور غیر روایتی خطرات کے خلاف آپریشنز کے حوالے سے ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوگا۔

پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان باہمی تعاون کی ایک طویل تاریخ موجود ہے جو دونوں ممالک کی عوام کے درمیان گہرے برادرانہ روابط کی علامت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں