اوپو نے اپنا نیا فلیگ شپ فون ایف 7 متعارف کرا دیا ہے، جس میں ایک بار پھر سیلفی پر ہی زور دیا گیا ہے۔

یہ چینی کمپنی کا آئی فون ایکس جیسے نوچ کے ڈیزائن کے ساتھ پہلا اسمارٹ فون ہے اور لگ بھگ بیزل لیس ڈسپلے کے ساتھ ہے۔

مزید پڑھیں : اوپو کا ڈوئل سیلفی کیمرہ موبائل متعارف

6.2 انچ کے فل ایچ ڈی پلس ڈسپلے میں 2280x1080 پکسل ریزولوشن دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر 89.09 فیصد حصے پر اسکرین ہی موجود ہے۔

اس میں کمپنی نے میڈیا ٹیک ہیلیو پی 60 ایس او سی پراسیسر دیا ہے جبکہ 4 سے 6 جی بی ریم اور 64 جی بی سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشنز موجود ہیں، جس میں ایس ڈی کارڈ کی مدد سے 256 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

تاہم فون کی خاص بات اس کا 25 میگا پکسل کا سیلفی کیمرہ ہی ہے جس میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے لیس بیوٹی فکیشن اور فیس ان لاکنگ جیسے فیچرز دیئے گئے ہیں۔

فوٹو بشکریہ اوپو
فوٹو بشکریہ اوپو

اس کے بیک پر 16 میگا پکسل کا کیمرہ دیا گیا ہے جو کہ پورٹریٹ موڈ کے ساتھ فور کے ویڈیو ریکارڈنگ کرتا ہے۔

اس فون میں کمپنی نے اپنے کلر او ایس 5.0 کا امتزاج اینڈرائیڈ اوریو 8.1 سے کیا ہے جبکہ 3400 ایم اے ایچ بیٹری، فور جی وی او ایل ٹی ای اور آدیو جیک جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اوپو کے آئی فون ایکس جیسے 2 نئے اسمارٹ فونز

پہلی بار اس کمپنی نے فرنٹ کیمرے سے فون ان لاک کرنے کا فیچر بھی دیا ہے جبکہ بیک پر اس مقصد کے لیے فنگر پرنٹ اسکینر بھی موجود ہے۔

اسے فی الحال بھارت میں 21 ہزار 990 بھارتی روپے (لگ بھگ 40 ہزار پاکستانی روپے کے قریب) میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، دیگر ممالک میں اسے کب متعارف کرایا جائے گا فی الحال کمپنی نے اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں