کوئٹہ کے علاقے کندھاری بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والا ایک فرد جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلح افراد کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک شخص موقع پر دم توڑ گئے اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

مقتول کی شناخت نذیر حسین کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک پولیس افسر نے کہا کہ 'یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ لگتاہے'۔

واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی دہشت گرد تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ: فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، 7 افراد زخمی

خیال رہے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں ہزارہ برادری کے افراد آسان شناخت کے باعث دہشت گردوں کا ہدف بن جاتے ہیں۔

نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کی جانب سے گزشتہ ماہ جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ 5 برس کے دوران ہزارہ برادری کے 509 افراد کو ہدف بنا کر قتل کیا گیا اور مختلف واقعات میں 627 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں ایک گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دیگر 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جنھوں نے نواں کلی میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں چند افغان شہری سوار تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں