اسلام آباد: امریکی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے نوجوان عتیق بیگ کے والد نے امریکی سفارت کار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرادی۔

مرحوم عتیق بیگ کے والد نے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں استدعا کی کہ عدالت اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل (آئی جی)، چیف کمشنر اور ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو شفاف تحقیقات یقینی بنانے کا حکم دے۔

درخواست میں کہا گیا کہ عدالت حکم دے کہ پولیس مقدمے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرکے متعلقہ عدالت کے سامنے پیش کرے۔

مزید پڑھیں: امریکی ملٹری اتاشی کو مقتول نوجوان کے خاندان کا خون بہا کے عوض معافی کا عندیہ

مقتول کے والد نے الزام عائد کیا کہ نشے کی حالت میں کرنل جوزف نے میرے بیٹے عتیق بیگ کو گاڑی سے ٹکر ماری۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے ان کا بیٹا جاں بحق اور کزن شدید زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ایف آئی آر تو درج کرلی لیکن تحقیقات مکمل کرنے کی سنجیدہ کوشش نہیں کی جا رہیں۔

مقتول کے والد نے مطالبہ کیا کہ عدالت شفاف تحقیقات کرکے ملزم کو گرفتار کرکے بیان قلمبند کرنے کا حکم دے۔

یاد رہے کہ 7 اپریل کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوان کی ہلاکت کا معاملہ: امریکی ملٹری اتاشی کو ٹرائل کا سامنا کرنا ہوگا

ڈان نیوز کے مطابق گاڑی امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل خود چلا رہے تھے اور جب موٹر سائیکل کو ٹکر لگی تو دو نوجوان عتیق اور راحیل موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ راحیل کو شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اسلام آباد پولیس نے امریکی سفارت خانے کی گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کیا تھا تاہم سفارتی استثنیٰ کے باعث ملٹری اتاشی جوزف کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی سفارتی اہلکار نے پولیس کے ساتھ بدتمیزی کی اور دوسری گاڑی میں پولیس اسٹیشن سے واپس چلے گئے۔

مزید پڑھیں: پولیس کی امریکی ملٹری اتاشی کا نام واچ لسٹ میں ڈالنے کی سفارش

کوہسار پولیس اسٹیشن میں مقتول کے والد کی مدعیت میں سیکشن 320، 337، 279 اور 427 کے تحت واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعہ امریکی سفارتی اہلکار کی غفلت کے باعث پیش آیا۔

واضح رہے کہ نوجوان کو ٹکر مارنے والے دفاعی اتاشی کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے تاہم پولیس کی جانب سے انھیں انصاف کے حصول تک ملک سے باہر جانے کی اجازت نہ دینے کی اپیل کی ہے جس کے بعد خون بہا کے ذریعے معاملے کو ختم کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں