فواد آسٹریلوی شہری بن گئے

میلبورن: پاکستان میں پیدا ہونے والے لیگ اسپنر فواد احمد بدھ کو باقاعدہ طور پر آسٹریلیا کے شہری بن گئے ہیں-
آج ہی کے دن آسٹریلیا کی قومی ٹیم، انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کا آغاز کر رہی ہے-
سابق سیاسی پناہ گزین، 31 سالہ احمد شہریت کی درخواست قبول کیے جانے کے بعد ایشز سیریز کھیلنے کے اهل پچھلے ہفتے ہی ہو گئے تھے لیکن آج ان کو شہریت دینے کی ایک تقریب میلبورن میں ہوئی.
اس موقع پر احمد نے کہا "میرے لئے آج ایک عظیم دن ہے، میرا آسٹریلیا کے شہری بننے کا خواب آج پورا ہو گیا، وہ خواب جو میں نے سنہ 2010 کے شروع میں یہاں پہنچنے کے بعد دیکھا تھا"-
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف، جیمز سدرلینڈ نے آج کے دن کو "آسٹریلین کرکٹ کے لئے ایک فخریہ دن قرار دیا-"
ان کا کہنا تھا کہ "فواد احمد ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں، مگر سب سے زیادہ یہ کہ وہ بہت اچھے انسان ہیں- انہوں نے بہت سے چلینجز کا سامنا کیا ہے، لہٰذا آج کا دن جشن کا ہے- ہم ان کے لئے بہت زیادہ خوش ہیں-"
خیال رہے کہ احمد کو انگلینڈ سے جون میں آسٹریلیا کی اے ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے اس وقت واپس لوٹنا پڑا جب آسٹریلین حکومت نے ان کو شہریت دینے کے حوالے سے ایک خصوصی قانون، قانون ساز اسمبلی کے ایوان بالا سے منظور کروا لیا تھا تا کہ انہیں جلد از جلد شہریت دی جا سکے-
یہ قانون، امیگریشن منسٹر کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ خصوصی حالات اور اچھے اتھلیٹس کو آسٹریلیا کی جلد از جلد شہریت دینے کے لئے، مروجہ طریقہ کار اور وقت کو کم کرتے ہوئے، اقدامات اٹھا سکیں-
احمد کو آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی اے ٹیم میں نامزد کیا گیا ہے، حالانکہ ان کو ایشز کے لئے بھی آسٹریلین اسکواڈ میں شامل کرنے کی خبریں ایک عرصے سے میڈیا میں ہیں-
پانچ میچوں پر مشتمل، ایشز سیریز کا پہلا میچ، آج بروز بدھ، نوٹنگھم میں شروع ہو رہا ہے اور آسٹریلیا کے 16 رکنی اسکواڈ میں ناتھن لاین ہی واحد اسپنر ہیں-
تبصرے (2) بند ہیں