سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ 59 اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی پی 10 اور پی پی 14 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔

چوہدری نثار علی خان سے ان کے انتخابی حلقہ این اے 59 سے تعلق رکھنے والے 27 یونین کونسل کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔

وفد کے اراکین نے چوہدری نثار علی خان کی حلقے کے عوام کے لیے سرانجام دی جانے والی بے مثال خدمات اور قومی سیاست میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست اور ان کا کردار حلقہ پوٹھوہار کے عوام کے لیے باعثِ افتخار رہا ہے اور ان کا ہر ووٹر ان سے اپنی وابستگی پر فخر محسوس کرتا ہے۔

وفد نے یقین دلایا کہ چوہدری نثار علی خان جس بھی پلیٹ فارم سے آنے والے انتخابات میں حصہ لیں گے حلقے کے عوام انہیں ریکارڈ ووٹوں سے سرخرو کرائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری نثار کی نواز شریف پر پہلی بار براہِ راست تنقید

اس موقع پر چوہدری نثار علی خان نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ الیکشن قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 راولپنڈی اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی پی 10 اور پی پی 14 سے لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ٹیکسلا، واہ کے حلقہ این اے 63 سے بھی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم اس کا حتمی فیصلہ وہ ٹیکسلا کے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

یاد رہے کہ چوہدری نثار علی خان نے 2013 کے انتخابات میں راولپنڈی کے حلقہ این اے 52 سے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم نئی حلقہ بندیوں کے بعد اب یہ حلقہ این اے 59 ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں: چوہدری نثار کو الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ نہیں مل سکتا، پرویز رشید

مسلم لیگ (ن) کے سینئر ترین رہنماؤں میں سے ایک چوہدری نثار علی خان اور سابق وزیر اعظم و پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے اختلافات چلے آرہے ہیں، جس کے باعث چوہدری نثار پارٹی اجلاسوں میں شریک نہیں ہوتے جبکہ وہ کئی بار میڈیا پر بھی نواز شریف کے عدلیہ اور فوج مخالف بیانات سے اختلافات کا اظہار کر چکے ہیں۔

چوہدری نثار کی ناراضگی کو دور کرنے اور انہیں دوبارہ پارٹی کا سرگرم رہنما بنانے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر و وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ان سے کئی ملاقاتیں کرکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں