قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کے حوالے سے منی لانڈرنگ کے الزامات کی وضاحت کے لیے طلب کر لیا۔

نیب چیئرمین کو رکن قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چوہدری اشرف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے اور اجلاس بدھ کو ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن رانا حیات نے نوازشریف پر منی لانڈرنگ کے نیب کے الزامات پر پوائنٹ آف آرڈر جمع کرایا گیا تھا جس پر نیب چیئرمین کو طلب کیا گیا اور قائمہ کمیٹی رانا حیات کے پیش کردہ پوائنٹ آف آرڈر کا جائزہ لے گی۔

یاد رہے کہ8 مئی کو نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر 4.9 ارب ڈالر کی رقم بھارت منتقل کرنے سے متعلق میڈیا پر آنے والی رپورٹس کا نوٹس لیا تھا۔

مزید پڑھیں:نواز شریف کے خلاف 4.9 ارب ڈالر بھارت منتقل کرنے پر تحقیقات کا آغاز

نیب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر 4.9 ارب ڈالر کی رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت منتقل کرنے سے متعلق رپورٹس کے حوالے سے تحقیقات کا حکم جاری کردیا ہے۔

نیب نے کہا تھا کہ چیئرمین نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں ڈالر کی بھارت منتقلی کی تحقیقات کا حکم میڈیا میں آنے والی رپورٹس کی روشنی میں لیا۔

بعد ازاں ورلڈ بینک اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس رپورٹ کو مسترد کیے جانے پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں چیئرمین نیب کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی تفتیش کے لیے ایک کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا تھا جس کو حزب اختلاف نے مسترد کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب چیئرمین نیب نے تحقیقات کو جاری رکھنا کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نیب کے چیئرمین کے طور پر بدستور کام کرتے رہیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں