ٹی وی اینکر، اداکار اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن حمزہ علی عباسی نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی آنے والی کتاب پڑھ لی۔

ساتھ ہی حمزہ علی عباسی نے اپنی ٹوئیٹ میں کتاب کا خلاصہ 2 سطروں میں بتاتے ہوئے لکھا کہ کتاب کا خلاصہ یہ ہے کہ ’عمران خان شیطان شخص جب کہ ریحام خان تہجد گزار خاتون اور شہباز شریف سب سے اچھے شخص ہیں‘۔

انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں ’ریحام آن پی ایم ایل این ایجنڈا‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

ان کی اسی ٹوئیٹ پر ریحام علی خان نے ٹوئیٹ کی کہ حمزہ علی عباسی یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہوں نے ان کی کتاب پڑھ لی، حالانکہ وہ تاحال شائع ہی نہیں ہوئی۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ یہ صرف 2 ہی صورتوں سے ممکن ہوسکتا ہے، یا تو انہوں نے کتاب کا مسودہ چوری کیا یا پھر کوئی فراڈ کیا ہے۔

ریحام علی خان نے اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں یہ الزام بھی لگایا کہ حمزہ علی عباسی انہیں اگست 2017 سے دھمکی آموز ای میل کرکے انہیں خاموش کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے ایک اور ٹوئیٹ میں حمزہ علی عباس کی جانب سے بھیجی گئی ای میل کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ریحام خان کی کتاب میں کیسی باتیں ہیں؟

حمزہ علی عباسی کی ای میل کا عکس شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ تو صرف ایک پی ٹی آئی رکن کی جانب سے بھیجی گئی ای میل ہے، لیکن اب وہ ایک ایک کرکے تمام دھمکی آموز ای میلز شائع کریں گی۔

ای میل کے عکس میں ریحام خان اور حمزہ علی عباسی کے درمیان ہونے والی گفتگو پڑھی جاسکتی ہے۔

ریحام علی خان نے ایک اور ٹوئیٹ میں ان تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا جو ان کی کتاب شائع ہونے سے پہلے ہی ٹوئٹر پر ان کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔

ریحام خان نے اپنی کتاب کے خلاف ہونے والی بیان بازی کو مفت کی تشہیر بھی قرار دیا۔

خیال رہے کہ ریحام خان اپنی کتاب کو عام انتخابات سے قبل شائع کرنا چاہتی ہیں۔

ریحام خان اپنی کتاب سے متعلق پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ کتاب میں ان کے ماضی کی تمام زندگی کے حوالے سے معلومات ہوگی، یہ کہنا غلط ہے کہ اس میں صرف عمران خان سے شادی اور طلاق کے حوالے سے باتیں ہوں گی۔

ریحام خان ان دنوں ملک میں موجود نہیں ہیں، رواں برس فروری میں انہوں نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دھمکیوں کے باعث عارضی طور پر پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوئی ہیں۔

ریحام خان کے مطابق وہ اپنی کتاب کی اشاعت کے بعد وطن لوٹیں گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ریحام خان کی کتاب کب تک شائع ہوگی، تاہم امکان ہے کہ وہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل شائع ہو جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں