پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی گرفتاریوں اور نااہلیوں نے شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لینے والے قمر الاسلام کی حالیہ گرفتاری اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت کئی لیگی رہنماؤں کی انتخابات میں نااہلی پر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کا بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ جمہوریت کی روح کے مطابق عوام کی عدالت ہی سب سے بڑی عدالت ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف نیب کی انتقامی کارروائیاں انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، ایسی کارروائیوں نے شفاف انتخابات کے انعقاد پر شکوک و شبہات پیدا کردیے ہیں۔

مزید پڑھیں: لیگی امیدوار کی گرفتاری پر 12سالہ بیٹا میدان میں اتر آیا

انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے تحت الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آزادانہ طور پر انتخابی مہم چلانے کے یکساں مواقع کو یقینی بنائے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن اس صورتحال کا فوری نوٹس لے گا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کہ ہماری خدمت کی سیاست کو جرم بنانا درست نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے مقبول ترین جماعت ہے اور اسے عوام کے ساتھ اپنے گہرے رشتے پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو یہ تاثر ختم کرنا چاہیے کہ مسلم لیگ ن اس کے نشانے پر ہے، ہم نے ماضی میں بھی ایسے ہتھکنڈوں کو عوامی عدالت کے فیصلوں سے ناکام بنایا تھا اور آج بھی عوام کی عدالت مسلم لیگ ن کے خلاف جاری تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی این اے 57 مری سے نااہل قرار

انہوں نے کہا کہ قمر الاسلام کی انتخابی مہم کے دوران گرفتاری قابل مذمت ہے اور مجھے اس پر سخت تشویش ہے، اس گرفتاری سے آزادانہ اور شفاف الیکشن کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، مسلم لیگ ن اپنے امیدواروں اور مخالف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی نا اہلیوں کو درست نہیں سمجھتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہیے اور کسی بھی ادارے کا ایسا اقدام جو جمہوریت کو نقصان پہنچائے، وہ قابل تحسین نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن خدمت کی سیاست پریقین رکھتی ہے اور ہم عوامی عدالت میں اپنی خدمت کی سیاست کے ساتھ پیش ہوچکے ہیں اور امید ہے 25 جولائی کو عوام مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر مہر لگا کر سب کو ناکام بنا دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں