ورلڈ ٹریڈ سینٹر حملہ: ’اسامہ بن لادن کے بیٹے نے ملزم کی بیٹی سے شادی کرلی‘

اپ ڈیٹ 06 اگست 2018
اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ بن لادن←فوٹو: اے پی
اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ بن لادن←فوٹو: اے پی

اسامہ بن لادن کے اہل خانہ نے انکشاف کیا ہے کہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن نے نائن الیون حملے کے اصل کردار محمد عطا کی بیٹی سے شادی کرلی۔

ڈی گارڈین میں شائع رپورٹ کے مطابق اسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائی احمد اور حسن العطاس نے انٹرویو میں بتایا کہ ’حمزہ بن لادن نے القاعدہ میں انتہائی اہم عہدے پر اپنی جگہ بنالی ہے تاکہ اپنے والد کی موت کا بدلہ لے سکے، جنہیں 7 برس قبل پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد میں امریکی فوجیوں نے ایک آپریشن کے دوران قتل کردیا تھا‘۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ اسامہ تک کیسے پہنچا: ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ

واضح رہے کہ حمزہ بن لادن، اسامہ بن لادن کی تیسری شریک حیات خیریہ صابر کے بیٹے ہیں اور خیریہ صابر اس وقت ایبٹ آباد میں کمپاؤنڈ کے اندر موجود تھیں جب امریکی فوجیوں نے آپریشن کیا تھا۔

اسامہ بن لادن نے آخری وقت میں اپنے چاہنے والوں کو ایک پیغام دیا تھا، جس میں واشنگٹن، لندن، پیرس اور تل ابیب کے خلاف جنگ جاری رکھنے کی ترغیب دی گئی تھی۔

اسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائی احمد العطاس کا کہنا تھا کہ ’ہم نے سنا ہے کہ حمزہ بن لادن نے محمد عطا کی بیٹی سے شادی کرلی ہے لیکن ہمیں نہیں معلوم کہ وہ کہاں ہیں، شاید وہ افغانستان میں ہوں‘۔

مزید پڑھیں: سی آئی اے نے اسامہ بن لادن کی دستاویزات جاری کردیں

واضح رہے کہ مغربی ممالک کی خفیہ ایجنسیاں گزشتہ 2 برس سے حمزہ بن لادن کی تلاش میں پوری طرح مصروف ہیں جسے اسامہ بن لادن کے بعد نوجوان نسل بہت تیزی سے اپنا ہیرو تسلیم کررہی ہے۔

خیال رہے کہ اسامہ بن لادن کا بیٹا خالد بھی ایبٹ آباد آپریشن میں جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ ان کا تیسرا بیٹا سعد 2009 میں افغانستان میں ڈرون حملے میں جاں بحق ہوا تھا۔

کمپاؤنڈ سے جمع کیے جانے والے خطوط سے واضح ہوتا ہے کہ اسامہ بن لادن سعد کا بدلہ لینے کے لیے حمزہ کو تیار کررہے تھے۔

حسن العطاس نے کہا کہ ’جب ہم نے سوچا کہ سب کچھ ختم ہو گیا تو اگلی بات حمزہ بن لادن نے کہی کہ میں اپنے والد کا بدلہ لینے کے لیے جارہا ہوں، اس کے بعد دوبارہ ملاقات نہیں ہوئی‘۔

اگر حمزہ بن لادن میرے سامنے ہوتا تو میں اس کو کہتا کہ اللہ تمہاری رہنمائی کرے، جو کچھ کرنے جارہے ہو اس کے بارے میں 2 مرتبہ سوچنا اور اپنے والد کے نقش قدم پر مت چلنا‘۔

یہ بھی پڑھیں: اسامہ بن لادن کا بیٹا دہشت گردوں کی فہرست میں شامل

خیال رہے کہ گزشتہ برس 6 جنوری کو امریکا نے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے بانی رہنما اسامہ بن لادن کے بیٹے اور وارث حمزہ بن لادن کا نام دہشت گردوں کی بلیک لسٹ میں شامل کردیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے حمزہ بن لادن کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔

اسامہ بن لادن 2011 میں امریکا کی خصوصی فورسز کے ہاتھوں ایک آپریشن کے دوران ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد حمزہ بن لادن اپنے والد کی جگہ القاعدہ میں متحرک نظر آئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں