گلگت : کمانڈر ٹین کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ دیامر میں جاری شرپسندی کے باعث سی پیک منصوبے پر منفی اثرات مرتب ہورہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے چلاس میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار اور ترقی کے بہترین مواقع پیدا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے معززین کو بھی دیامر میں شرپسندی کو روکنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

کمانڈر ٹین کور نے کہا کہ عوام کے تعاون سے شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، شرپسند عناصر کو کسی قسم کی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہمارے عزائم پختہ ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کریں گے۔

اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کے ہمراہ فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل ثاقب محمود ملک اور آئی جی پولیس ثناء اللہ عباسی بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں : گلگت بلتستان: لڑکیوں کیلئے قائم متعدد اسکول نذر آتش

دوسری جانب دیامر میں اسکولوں پر حملے کے واقعات کے بعد محکمہ داخلہ کے احکامات پر ضلع گلگت کے تمام تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔

محکمہ اطلاعات کے اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ گلگت بلتستان جواد اکرم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی بڑھانے اور حفاظتی اقدامات میں بہتری لانے کے لیے ایک واضح نظام لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم کے افسران گاہے بگاہے اسکولوں کا اچانک دورہ کریں گے جبکہ سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی کارکردگی پر بھی نظر ثانی کریں گے۔

اجلاس میں پولیس کے محکمہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ پولیس پیٹرولنگ سمیت دیگر اقدامات کو یقینی بنائیں

اجلاس میں محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی تھی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل 3 اگست کو گلگت بلتسان کے علاقے چلاس میں نامعلوم شرپسندوں نے رات کے اندھیرے میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے قائم متعدد اسکولوں کو نذر آتش کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : دیامر میں اسکولوں کو جلانے کے واقعے کے بعد جج کی گاڑی پر حملہ

بعد ازاں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمٰن ملک نے چلاس و دیامر میں لڑکیوں کی اسکولوں کے نذر آتش کیے جانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

مزید برآں اسکول نذر آتش کیے جانے کے دو روز بعد دیامر سیشن جج ملک عنایت الرحمٰن کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ اس حملے میں محوظ رہے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں