1965 کی پاک - بھارت جنگ کے ہیرو سپاہی مقبول حسین کی نماز جنازہ راولپنڈی کے چکلالہ گیریژن میں ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مقبول حسین کی نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر فوجی افسران اور جوانوں نے شرکت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ مقبول حسین کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آزاد کشمیر میں ان کے آبائی گاؤں ناریاں میں آج رات کی جائے گی۔

واضح رہے کہ قومی ہیرو سپاہی مقبول حسین گزشتہ رات اٹک کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) میں انتقال کرگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مقبول حسین 1965 کی جنگ کے دوران زخمی ہوئے تھے اور اس دوران بھارتی فوج نے انھیں قیدی بنالیا تھا۔

پاک فوج کی آزاد کشمیر رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے مقبول حسین نے بھارتی جیلوں میں 40 برس گزارے اور انھیں 2005 میں رہا کیا گیا تھا۔

بھارتی جیلوں میں 4 دہائیاں گزارنے والے پاکستانی سپاہی کو ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا تھا۔

یاد رہے کہ سپاہی مقبول حسین بھارتی جیلوں میں چار دہائیاں گزارنے کے بعد ستمبر 2005 میں واہگہ بارڈر سے وطن واپس پہنچے تھے جس کے بعد انھوں نے قید کے دوران پیش آنے والے واقعات بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان پر مظالم ڈھائے جاتے تھے اور زبان بھی کاٹ دی گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں