امریکا:60 فیصد شہریوں نے ٹرمپ کی کارکردگی کو مسترد کردیا، سروے

01 ستمبر 2018
ٹرمپ کی مقبولیت میں اپریل سے اب تک مزید کمی آئی ہے—فوٹو:اے ایف پی
ٹرمپ کی مقبولیت میں اپریل سے اب تک مزید کمی آئی ہے—فوٹو:اے ایف پی

امریکا میں ہونے والے ایک سروے میں 60 فیصد شہریوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کارکردگی کو نامنظور کردیا ہے جبکہ نصف کے قریب شہریوں نے ان کے مواخذے کی حمایت کی ہے۔

واشنگٹن پوسٹ اور اے بی سی نیوز کی جانب سے کیے گئے ایک سروے کے نتائج کے مطابق امریکا کے 36 فیصد عوام نے ٹرمپ کی صدارتی کارکردگی کو قبول کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال اپریل ہونے والے ایک سروے میں 40 فیصد شہریوں نے ٹرمپ کی کارکردگی پر اطمینان اور 56 فیصد نے عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

ٹرمپ کے حوالے سے حالیہ سروے 26 اگست سے 29 اگست کے دوران ایک ایسے وقت میں کیا گیا تھا جب ٹرمپ کے صدارتی مہم کے سابق چیئرمین پال مینافورٹ کو ٹیکس اور بینک فراڈ میں مجرم قرار دیا گیا تھا اور سابق اٹارنی مائیکل کوہن نے ٹرمپ پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی خواتین کو خاموش کرنے کے لیے رقم ادا کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

سروے میں بالغ رائے دہی کی بنیاد پر ایک ہزار 3 شہریوں سے رائے طلب کی گئی تھی۔

اس سروے میں حصہ لینے والے 49 فیصد عوام کا کہنا تھا کہ کانگریس کو ان کے خلاف مواخذہ کرنا چاہیے جبکہ 46 فیصد نے اس بات سے اختلاف کیا۔

یہ بھی پڑھیں:‘وائٹ ہاؤس والے ٹرمپ کو خبطی اور بیٹی کو عقل سے پیدل سمجھتے ہیں‘

امریکی شہریوں کی 36 فیصد کو یقین ہے کہ ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران روس کے ساتھ ساز باز کرنے کے حوالے سے ہونے والی تفتیش میں خصوصی وکیل رابرٹ میولرز کے کام میں مداخلت کی کوشش کرکے انصاف کی راہ میں حائل ہوئے ہیں۔

اسی سروے میں 35 فیصد عوام کا کہنا تھا کہ انھیں یقین نہیں ہے کہ صدر نے اس طرح کی مداخلت کی ہے جبکہ ٹرمپ نے اس تفتیش کو مسترد کرتے ہوئے سیاسی طورپر نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دی تھی۔

ایک ہزار 3 بالغ شہریوں کے اس سروے رپورٹ کے نتائج کے مطابق 63 فیصد شرکا نے کہا کہ وہ میولر کی تفتیش کی حمایت کرتے ہیں جبکہ 29 فیصد نے اس کی مخالفت کی۔

واشنگٹن پوسٹ اور اے بی سی نیوز کے سروے میں معاشی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ٹرمپ کی ریٹنگ بہتر ہوئی ہے جہاں 45 فیصد عوام نے ان کی معاشی کارکردگی کو قبول اور 45 فیصد نے ہی نامنظور کردیا ہے۔

ری پبلیکز اور ڈیموکریٹکس کی جانب سے ٹرمپ کی مقبولیت کے حوالے سے سروے کے نتائج میں واضح طور پر اختلاف سامنے آیا ہے۔

ری پبلیکنز کے 73 فیصد نے اپنے صدر کی کارکردگی کو منظور کیا جبکہ 93 فیصد ڈیموکریٹس اور 59 فیصد آزاد شہریوں نے اس کو مسترد کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں