کولمبو: ایشیا کپ کے آغاز سے قبل ہی سری لنکن ٹیم فٹنس مسائل سے دوچار ہو گئی ہے اور تجربہ کار دنیش چندیمل کی فٹنس کے سبب ایونٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

ایشیا کپ 15 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو گا جس میں سری لنکا کے علاوہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان اور ایک کوالیفائر ٹیم شرکت کرے گی۔

سری لنکن ٹیم ابتدائی روز افغانستان کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی لیکن ایونٹ سے قبل ہی سری لنکا کو انجری مسائل نے گھیر لیا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چندیمل ڈومیسٹک ٹی20 ٹورنامنٹ کے دوران ہاتھ کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور تاحال سو فیصد فٹ نہیں ہوئے اس لیے ان کی ایشیا کپ میں شرکت کے بارے تاحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

دنیش چندیمل کے فٹ نہ ہونے کی صورت میں نروشن ڈکویلا کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب اکیلا دھننجیا بھی ذاتی وجوہات کی بنا پر ابتدائی دو میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

دھننجیا کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے اس لیے وہ کم از کم ابتدائی دو میچز میں سری لنکن ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں