آرمی چیف سے چینی وزیرخارجہ کی ملاقات

08 ستمبر 2018
—فوٹو:آئی ایس پی آر
—فوٹو:آئی ایس پی آر

چینی وفد نے وزیر خارجہ وانگ ژی کی قیادت میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جہاں پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری اعلامیے کے مطابق چینی وزیرخارجہ اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں خطے کی سلامتی اور باہمی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وانگ ژی کا کہنا تھا کہ پاک-چین تعلقات مشترکہ نقطہ نظر اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہیں۔

اعلامیے کے مطابق پاک فوج کی پیشہ ورانہ قابلیت کو سراہتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘دنیا کو خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے’۔

چینی وزیرخارجہ نے ‘سی پیک کے لیے فراہم کی گئی سیکیورٹی کی تعریف کی اور کہا کہ چین مکمل خوش حالی پر یقین رکھتا ہے’۔

مزید پڑھیں:سی پیک کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے، شاہ محمود قریشی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے دورے اور مسلسل تعاون پر چینی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ‘پاکستان بین الاقوامی محاذ آرائی سے متاثر ہوا ہے لیکن ہم اندورنی اور بیرونی دونوں محاذوں پر امن و استحکام کے عزم کے ساتھ قوموں کے درمیان احترام اور جائز مقام حاصل کرلیں گے’۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات کے دوران پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ بھی موجود تھے۔

قبل ازیں چینی وزیرخارجہ وانگ ژی وزرت خارجہ پہنچے اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عزم دہرایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:چینی وزیر خارجہ کی وفد کے ساتھ پاکستان آمد

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کا تحفظ اور سی پیک کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاک۔چین دوستی کو عوامی اور حکومتی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہے اور وانگ ژی پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'آج کے مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر بات چیت ہوئی، چینی وزیر خارجہ سے غربت کے خاتمے، تجارتی تعاون بڑھانے اور برآمدات کے فروغ سمیت اہم امور پر بات کی ہے'۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 'پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'چین کی خارجہ پالیسی میں پاکستان اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کے ساتھ تزویراتی تعلقات مزید مضبوط بنانا اور باہمی تجارتی حجم میں مزید اضافہ کرنا چاہتے ہیں جبکہ پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'چینی تعاون کا مقصد پاکستان میں تعلیم اور دیگر شعبوں کو بہتر بنانا ہے، غربت کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کریں گے'۔

وانگ ژی نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں، چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے جبکہ عالمی معاملات پر بھی پاکستان کی مکمل حمایت کرتے رہیں گے'۔

تبصرے (0) بند ہیں