امریکا گلوکارہ پر گلوکار کی موت کا سبب بننے کا الزام
رواں ماہ یکم ستمبر کو معروف امریکی گلوکارہ اریتھا فرینکلن کی آخری رسومات کے دوران بشپ کے نامناسب رویے کا سامنا کرنے والی 25 سالہ گلوکارہ آریانا گرینڈے پر لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ وہ ہی ایک امریکی نوجوان گلوکار کی موت کا سبب ہیں۔
آریانا گرانڈے پر لوگوں نے سوشل میڈیا پر الزام عائد کیا کہ ان کی وجہ سے ہی نوجوان ریپر و گلوکار 26 سالہ میک ملر 8 ستمبر کو ہلاک ہوئے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی’ کے مطابق میک ملر 8 ستمبر کو لاس اینجلس میں اپنے ہی گھر میں مردہ پائے گئے۔
رپورٹ میں ایک اور نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پولیس حکام کو ایک نامعلوم شخص نے رپورٹ کی تھی، جس کے بعد حکام نے گلوکار کے گھر آکر ان کی لاش کو اپنی تحویل میں لیا۔
فوری طور پر سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق میک ملر کی موت حد سے زیادہ منشیات کے استعمال کی وجہ سے ہوئی۔
تاہم یہ معلوم نہیں کیا جاسکا کہ انہوں نے کس طرح کی منشیات کا استعمال کیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے گلوکار کی لاش کو تحویل میں لینے کے بعد تصدیق کی کہ ان کی ہلاکت کافی دیر قبل ہوچکی تھی۔
میک ملر کی موت کے بعد امریکی گلوکاروں اور شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا، جب کہ کئی شخصیات نے انہیں اچھا گلوکار بھی قرار دیا۔
میک ملر کی ہلاکت کے بعد 25 سالہ گلوکارہ آریانا گرینڈے نے بھی انسٹاگرام پر ان کی ایک تصویر کو بلیک اینڈ وائیٹ انداز میں بغیر کیپشن کے شیئر کیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے ‘میٹرو’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گلوکارہ کی جانب سے آنجھانی گلوکار کی تصویر شیئر کیے جانے کے بعد لوگوں نے انہیں برا بھلا کہنا شروع کرتے ہوئے انہیں ہی معاملے کا ذمہ دار قرار دیا۔
آریانا گرینڈے کی تصویر پر کمنٹس کرنے والے کئی افراد نے انہیں قصور وار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ وہ ہی میک ملر کی اچانک ہلاکت کی ذمہ دار ہیں۔
لوگوں نے اداکارہ کو سنگ دل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آپ کے لیے پاگل تھا اور آپ نے ہی حقیقت میں انہیں قتل کیا۔
لوگوں کی تنقید کے بعد انسٹاگرام پر کمنٹس کے آپشن کو ہی بلاک کردیا۔











لائیو ٹی وی