قومی ہاکی ٹیم کے کوچ رولینڈ اولٹیمنز نے قومی ٹیم کے کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے اپنا استعفیٰ پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف) کو بھیج دیا ہے۔

ہاکی فیڈریشن کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں اولٹیمنز نے کہا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی اور نتائج کی پوری ذمے داری قبول کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: ہالینڈ کے اولٹمینز پاکستان ہاکی کے نئے کوچ مقرر

انہوں نے کہا کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ موجودہ حالات وہ ماحول پیدا کرنے سے قاصر ہیں جس کے ذریعے ہم ٹیم سے بہترین نتائج حاصل کر سکیں۔

ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے سابق کھلاڑی نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاس وہ طاقت نہیں کہ وہ موجودہ حالات کو اس لحاظ سے ڈھال سکیں جو مجھے درکار ہیں۔

یاد رہے کہ رولینڈ اولٹیمنز کو رواں سال جنوری میں2سال کے لیے قومی ہاکی ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا تھا تاہم ان کی تعیناتی کے باوجود قومی ٹیم کی کارکردگی میں کوئی بہتری نہ آ سکی۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات کے بعد کھیلوں کی فیڈریشنز میں بھی تبدیلی متوقع

چیمپیئنز ٹرافی 2018 میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی بہت مایوس کن رہی اور چھ ملکی ٹورنامنٹ میں وہ آخری نمبر پر رہی۔

آسٹریلیا میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں بھی ٹیم کچھ خاص نہ کر سکی جبکہ ایشین گیمز میں بھی ہاکی ٹیم کو میڈل کے بغیر ہی وطن واپس لوٹنا پڑا۔

تبصرے (0) بند ہیں