صدر مملکت کا کراچی تا دھابیجی لوکل ٹرین کا افتتاح

31 اکتوبر 2018
کراچی تا دھابیجی لوکل ٹرین — فوٹو، ڈان نیوز
کراچی تا دھابیجی لوکل ٹرین — فوٹو، ڈان نیوز

کراچی: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہرِ قائد اور دھابیجی کے درمیان لوکل ٹرین سروس کا افتتاح کردیا۔

لوکل ٹرین دھابیجی سے لے کر لانڈھی اسٹیشن اور پھر مرکزی ریلوے لائن پر چلتی ہوئی سٹی اسٹیشن تک روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائے گی۔

لوکل ٹرین کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ کراچی کے اندر ٹرانسپورٹ اور لوکل ٹرین کا مسئلہ بہت پرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ریلوے نے بے پناہ ترقی کی ہے، لیکن پاکستان میں سب سے اچھا اور خوبصورت نظام ریلوے کا تھا جو بند ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں: ’ریلوے کو بہتر بنانے کیلئے 90 روز ملے ہیں، مجھے مزید وقت درکار ہے‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا 80 فیصد سے زائد فریٹ سڑکوں کے ذریعے جاتا ہے۔

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے زیادہ بری طرح ریلوے کو لوٹا گیا، آج ضرورت محسوس ہورہی ہے کہ گرین لائن اور اورنج لائن ٹرین چلائی جائیں۔

کراچی لوکل ٹرین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ اس ٹرین سروس سے کراچی کے شہریوں کو بڑی سہولت میسر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر وقت کی پابندی ہوئی تو یہ ٹرین بہت زیادہ کامیاب ہوگی، کراچی کو اس وقت سرکلر ریلوے کی بہت ضروری ہے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سابقہ دور میں ریلوے کو بے دردی سے لوٹا گیا، ماضی میں محکمہ ریلوے کو بھاری مالی نقصان پہنچایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے سالانہ 10 کروڑ روپے ڈیم فنڈ میں دے گا، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ کراچی تا دھابیجی لوکل ٹرین کا افتتاح کردیا گیا ہے اور کل یہ ٹرین مزدوروں کے لیے مفت چلائی جائے گی جو مسافروں کو ان کی منزل پر پہنچائے گی۔

وفاقی وزیرِ ریلوے کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دورِ اقتدار کے ابتدائی ایک سال میں ریلوے کے محکمے کو خسارے سے نکال کر دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے 15 فریٹ ٹرینیں چلانے کا ارادہ ہے، جبکہ خواہش ہے کہ ہر صوبے کے لیے 4،4 انڈسٹریل زون بنائے جائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد کے درمیان شٹل سروس کا آغاز کیا جائے گا جس کا افتتاح وزیرِ اعظم عمران خان کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزیرِ ریلوے شیخ رشید کا 2 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان

شیخ رشید احمد نے اپنے خطاب میں سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کرپٹ انسان ملک کو تنکے نہیں دے سکتا تو ترقی کیا دے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کل وزیراعظم کےساتھ چین جارہاہوں، وہاں جاکر بیجنگ سے ریلوے سے متعلق اہم معاہدے متوقع ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ساتوں ڈویژنل ہیڈکواٹرز میں ملازمین کو آسانی فراہم کرنے کے لیے وائی فائی سروس فراہم کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ 26 اکتوبر کو وزیرِ اعظم عمران خان نے کراچی میں لوکل ٹرین چلانے کی ہدایت کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں