اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کے امن، سلامتی اور تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے۔

مزید پڑھیں: 'ریاست کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کریں'

واضح رہے کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب عمران خان نے آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر قوم سے خطاب کیا تھا اور کہا تھا کہ ’ملک دشمن عناصر ججز کو قتل اور فوج سے بغاوت پر اکسا رہے ہیں‘۔

اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین مذہب کیس میں مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو بری کردیا

عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے اور آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا اور کئی مقامات پر دھرنے بھی دیئے گئے۔

اس تمام صورتحال پر وزیر اعظم نے قوم سے خطاب کیا تھا جبکہ صوبہ پنجاب اور سندھ میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسے، جلوسوں اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں