معین خان چیف سلیکٹر مقرر

شائع July 15, 2013

معین خان -- فائل فوٹو
معین خان -- فائل فوٹو

کراچی: پاکستان کے کرکٹ حکام نے پیر کے روز سابق کپتان معین خان کو چیف سلیکٹر کے طور پر مقرر کردیا ہے جن کا کہنا ہے کہ یہ عہدہ انہوں نے ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔

41 سالہ معین، اقبال قاسم کی جگہ یہ ذمہ داری لے رہے ہیں، جو رواں ماہ کے اوائل میں سبکدوش ہو گئے تھے۔

اس اقدام کو انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے رد عمل کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ خان کی عبوری چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات ہوئی اور یہ رول قبول کیا۔

پی سی بی کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سابق کپتان اور وکٹ کیپر خان چیف سلیکٹر کے طور پر ذمہ داری لیں گے، جبکہ ٹیم کے باقی ارکان وہی برقرار رہیں گے۔

سابق لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر سلیم جعفر، ٹیسٹ بیسٹمین اظہر خان، فرخ زمان اور آصف بلوچ دیگر سلیکٹرز ہیں۔

پریس ریلیز میں معین خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے یہ عہدہ ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے- ان کا کہنا ہے کہ یہ میرے لئے احترام اور فخر کی بات ہے کہ نیشنل سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے کی مجھے پیشکش ہوئی ہے- یہ عہدہ ماضی میں کئی عظیم لوگوں کے پاس رہا ہے اور حال ہی میں لیجنڈ سپنر قاسم اس پر فائز رہے ہیں۔

خان نے1990ء کی دہائی میں پاکستان کیلئے 69 ٹیسٹ اور219 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے- وہ 1992ء میں عالمی کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسے ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ پی سی بی اور میرا ویژن باصلاحیت کرکٹرز کی تیاری کے سلسلے میں ملتا جلتا ہے، جس سے 2015ء کے عالمی کپ میں چیلنج سے ایک مؤثر انداز میں نمٹا جاسکتا ہے۔

خان کی پی سی بی کے عبوری سیٹ اپ کے تحت عہدے کیلئے کسی میعاد کا اعلان نہیں کیا گیا ہے- عبوری سیٹ اپ چیئرمین ذکاء اشرف کے بعد سامنے آیا ہے جنہیں رواں سال مئی میں انکے انتخاب سے متعلق شکایات پر معطل کر دیا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیٹھی کو حکم دیا ہے کہ وہ 90 روز کے اندر پی سی بی چیئرمین کیلئے انتخاب کرائیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 جون 2025
کارٹون : 17 جون 2025