سندھ کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے انسانی حقوق کی بنیاد پر عمر رسیدہ قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ منظور کرلیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں سندھ کابینہ کا اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، انسپیکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم اما سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

کابینہ اجلاس میں شدید بیمار یا عمر رسیدہ قیدیوں کی ہیومن رائٹس کے مسئلہ پر بحث کی گئی جس پر سپریم کورٹ نے اس پر ٹاسک ججمنٹ دی ہے کہ جو شدید بیمار ہیں انکو کمیٹی کے ذریعے ریلیز کیا جائے۔

کابینہ کمیٹی نے 27 کیسز پر بحث کی جن میں 12 کیسز کی رہائی کی سفارشات ہیں ان میں 1 قیدی رہا ہوگا، 1 بھارتی قیدی ہے جسے وزارت خارجہ کے تحت رہائی دی جائے گی ،1 کو جولائی میں حیدر آباد سے رہائی ملی تھی، 4 انڈر ٹرائل ہیں جبکہ 5 قیدیوں کو عمر قید دی گئی ہے۔

ان تمام قیدیوں کو کابینہ نے ریلیز کرنے کا فیصلہ منظور کرلیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جو قیدی رہا ہوں ان پر نظر رکھی جائے اور محکمہ جیل ہر 3 ماہ کے بعد میڈیکل کمیٹی کے ذریعے اس قسم کے قیدیوں کی فہرست کابینہ کو بھیجے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ان قیدیوں کی فہرست طلب کرلی جو ایسی صورتحال کے باعث جیل میں ہیں، انہوں نے غیر ملکی قیدیوں کی بھی لسٹ طلب کی۔

پلاسٹک بیگز پر پابندی

سندھ کابینہ نے پولی تھین اور پلاسٹک کے تھیلوں پر مرحلہ وار پابندی کا فیصلہ کرلیا جس میں ضلع سکھر سے پابندی کا آغاز اگلے 3 ماہ کے اندر کیا جائے گا۔

اجلاس میں پولی تھین اور پلاسٹک بیگس پر پابندی پر بحث کی گئی۔

وزیر ماحولیات سندھ نے کابینہ کو بتایا کہ سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 2014 کے تحت کوئی ٹریڈرز پولی تھین کے بیگس جن کی ڈی گریڈایبل نہیں وہ تیار، امپورٹ یا اسٹاک نہیں کرسکتا بلکہ اس کی جگہ وہ پلاسٹک بیگس یا چیزیں استعمال کی جائیں جو اوکسو۔بائیوڈیگریڈ ایبل ہوں۔

کابینہ نے اس سلسلے میں پولیتھین اور پلاسٹک بیگس کے تاجروں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولی تھین بیگ کے استعمال پر محکمہ ماحولیات کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے پہلے مرحلے میں سکھر ڈسٹرکٹ میں پلاسٹک اور پولی تھین بیگس کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسرے مرحلے میں حیدرآباد اور کراچی میں پابندی لگائی جائے گی۔

مذکورہ پابندی 3 ماہ میں مرحلہ وار تمام اضلاع میں عائد کی جائے گی۔

کابینہ نے فیصلہ کیا کہ پولی تھین اور پلاسٹک کی امپورٹ پر ڈیوٹی بڑھانے اور اسکی حوصلہ شکنی کے لیے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں اپنے ماحول کو بہتر بنانا ہے۔

یہ خبر ڈان اخبار میں 11 نومبر 2018 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں