’سارک کانفرنس میں بھارتی وزیر اعظم کو پاکستان مدعو کیا جائے گا‘

27 نومبر 2018
اس صدی میں سفارتکاری مکمل تبدیل ہوچکی—فائل فوٹو
اس صدی میں سفارتکاری مکمل تبدیل ہوچکی—فائل فوٹو

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ ساؤتھ ایشین ایسوسی ایشن فار ریجنل کارپوریشن (سارک) کانفرنس میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو پاکستان مدعو کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ اس صدی میں سفارتکاری مکمل تبدیل ہوچکی ہے، اب پالیسیاں عوامی امنگوں اور خواہشات کے مطابق بنتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے تو ہم 2 قدم آگے آئیں گے جبکہ وزیر اعظم نے نریندر مودی کو خط کے جواب میں کہا تھا کہ ہم دہشت گردی اور دیگر مسائل پر بات کرنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ہندوستان کا 19ویں سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت سے انکار

کشمیر کے حوالے سے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو قومی اور عالمی سطح پر ہر طرح سے اجاگر کیا جارہا ہے اور لیکچز، تصویری نمائش اور کانفرنس منعقد کی جارہی ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کشمیر پر انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ ایک کامیابی ہے، جس میں کشمیر میں جاری مظالم کا احاطہ کیا ہے جبکہ برطانوی پارلیمان کے کشمیری گروپ نے بھی رپورٹ شائع کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اب ہمارے نوجوان اس مسئلے کو ہر میڈیا پلیٹ فارم پر اجا گر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ناروے کے سابق وزیر اعظم نے چند روز قبل مقبوضہ اور آزاد کشمیر کا دورہ کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جاری مظالم کو ختم ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ کشمیر پر ہمارا موقف یہ ہے کہ مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کو حل کیا جائے لیکن بھارت اب تک مذاکرات سے ہچکچا رہا ہے اور بھاگ رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے درمیان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہیے، انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی تصدیق کردی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روکنا پہلا ہدف ہے، ہم مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات سے چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرتارپور راہداری، افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے نوجوت سدھو پاکستان پہنچ گئے

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بدھ (28 نومبر) کو کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ جائے گا جو ہماری ایک بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس راہداری کا افتتاح کریں گے، جو 6 ماہ میں مکمل ہوگی اور سکھ برادری بغیر ویزہ کرتارپور آسکے گی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کرتارپور افتتاحی تقریب میں بھارتی صحافیوں کو مدعو کیا ہے، ہمیں کوئی ڈر نہیں، ہم نے کلبھوشن یادیو کی ماں سے ملاقات میں بھی بھارتی میڈیا کو آنے کی دعوت دی تھی۔

اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان بھارتی میڈیا کو دیکھیں اور اخبارات کا مطالعہ کریں اور سوشل میڈیا پر بھارتی میڈیا کو بھرپور جواب دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں