مشرقی سوڈان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ریاست القادریف کے گورنر میرغنی صالح، کابینہ کے چیف، مقامی وزرا اور پولیس چیف سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا ہیلی کاپٹر ریاست القادریف میں لینڈ کرنے کی کوشش کے دوران کمیونیکیشنز کے ایک ٹاور سے ٹکرا گیا جس کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی۔

ایک عینی شاہد آدم حسین کا کہنا تھا کہ ‘ائرکرافٹ سے آگ کے شعلے اور کالا دھواں اٹھ رہا تھا’۔

سوڈان کی سرکاری ٹی وی کا کہنا تھا کہ حادثے میں القادریف کے گورنر میرغنی صالح، ان کی کابینہ کے چیف، مقامی وزیرجنگلات اور مقامی پولیس چیف اور بارڈر گارڈ کے سربراہ بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو بحیرہ عرب میں حادثہ، عملے کا ایک رکن شہید

سوڈانی ائرکرافٹ ایتھوپیا کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوا تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں دی گئیں کہ وجوہات کیا تھیں اور حادثے میں کسی کی جان بچی ہے یا نہیں۔

سوڈان کی سرکاری نیوز ایجنسی سونا نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ رپورٹ کیا ہے۔

سرکاری نیوز ایجنسی کا واضح تفصیلات دینے سے گریز کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چند دیگر افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سوڈان میں فوجی اور سول استعمال میں رہنے والے اکثر ائرکرافٹ روس طرز کے پرانے ماڈل ہیں جس کے نتیجے میں حالیہ برسوں میں سوڈان میں فضائی حادثوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:ترکی میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 4 فوجی اہلکار ہلاک

فوج کی جانب سے ان حادثوں کو تیکنیکی مسائل اور موسم کی خرابی بتایا جاتا ہے۔

رواں سال اکتوبر میں دارالحکومت خرطوم کے ائرپورٹ میں دو فوجی جہاز رن وے میں ہی آپس میں ٹکرا گئے تھے جس سے 8 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ستمبر میں خرطوم کے قریبی شہر اور نیل کے ساحل کے قریب اوم درمان میں فوجی جیٹ گرنے سے 2 پائلٹ جاں بحق ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ سوڈان میں یہ حادثہ ایک ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے کچھ دنوں بعد ہی پیش آیا تھا جس میں تمام مسافر خوش قسمتی سے بچ گئے تھے تاہم ہیلی کاپٹر کو آگ لگی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں