اسلام آباد: امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔

دفترخارجہ کے ذرائع کے مطابق علی جہانگیر صدیقی نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا اور ان کی جگہ اسد مجید کو امریکا میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکا کے نئے پاکستانی سفیر کے عہدہ سنبھالنے تک رضوان شیخ ناظم الامور رہیں گے۔

مزید پڑھیں: کرپشن کیسز: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر دوبارہ نیب طلب

واضح رہے کہ اسد مجید اس وقت جاپان میں پاکستان کے سفیر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، تاہم وہ جنوری کے پہلے ہفتے میں امریکا آجائیں گے۔

8 مارچ 2018 کو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے معروف بزنس مین جہانگیر صدیقی کے صاحبزادے علی جہانگیر صدیقی کو امریکا میں پاکستان کا سفیر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد وہ امریکا میں پاکستان کے سفیر تعینات ہوگئے تھے۔

بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کی نئی حکومت آنے کے بعد وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ حکومت نے امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں سیاسی بنیادوں پر ان کی تعیناتی کی گئی۔

خیال رہے کہ علی جہانگیر صدیقی کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے اور ان کے خلاف تحقیقات جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا‘

علی جہانگیر صدیقی پر ایزگارڈ کمپنی میں ساڑھے 10 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق الزامات ہیں۔

اس کے علاوہ ان پر ایف ایچ ایف اثاثہ کیس میں یہ الزام ہے کہ انہوں نے امریکا میں بطور سفیر اپنی تعیناتی کے لیے رشوت دی۔

خیال رہے کہ نیب کی جانب سے علی جہانگیر صدیقی اور ایزگارڈ نائن لمیٹڈ کے دیگر ڈائریکٹرز کے خلاف تحقیقات کا آغاز ایک نجی شکایت پر کیا گیا تھا۔

اس تحقیقات میں علی جہانگیر صدیقی کو کئی مرتبہ طلب کیا جاچکا ہے، جہاں ان سے کئی گھنٹوں تک تفتیش کی گئی تھی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Khan Dec 26, 2018 02:00am
Thank you Ali !