گھی اور تیل کے 61 برانڈز مضرِ صحت قرار

27 دسمبر 2018
یہ گھی اور تیل کے برانڈز معیار پر پورا نہیں اترتے—فائل فوٹو
یہ گھی اور تیل کے برانڈز معیار پر پورا نہیں اترتے—فائل فوٹو

لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) نے مارکیٹ سے 47 ہزار 2سو 33 لیٹر گھی اور کوکنگ آئل کو ضبط کرتے ہوئے 61 برانڈز کو کھانے پکانے کے استعمال کے لیے نامناسب قرار دے دیا۔

صوبائی فوڈ ریگولیٹری باڈی کی جانب سے کھانے کے گھی اور تیل کے لیے گئے نمونے کے نتائج جاری کردیے گئے۔

پی ایف اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان کا کہنا تھا کہ نمونے حاصل کرنے کا مقصد مطلوبہ غذائیت کی موجودگی اور معیار کی تصدیق کرنا تھا۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں 2020 تک بناسپتی گھی پر مکمل پابندی کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ اس تصدیق کے دوران تیل اور گھی کے 61 برانڈ معیار پر پورا اترنے میں ناکام رہے جبکہ 118 معیار پر پورا اترے۔

ان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی غذائی اشیا کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتا اور کسی کو غیر معیاری مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

تاہم انہوں نےبتایا کہ 88 برانڈز کا جائزہ تکمیل کے مراحل میں ہے اور اسے جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمز نے اب تک لاہور زون سے 29 ہزار 99 لیٹرز، راولپنڈی زون سے 15 ہزار 6سو 61 لیٹرز اور جنوبی زون سے 2 ہزار 4سو 73 لیٹرز کو ہٹا دیا۔

صوبے بھر میں نمونے لینے کے طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے ٹیموں نے کمپنیوں کے نمائندوں کی موجودگی میں مارکیٹ سے تیل اور گھی کے 267 نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے حاصل کیے۔

وہ گھی اور کھانے پکانے کا تیل جو حفاظت اور معیار کے پیمانے پر پورا اترنے میں ناکام رہے، ان میں عابد کوہ نور بناسپتی، امبر بناسپتی، اپنا بناسپتی، اپنا کنولا آئل، اریج پریمیئم بناسپتی، عاطف بناسپتی، عطیہ بناسپتی، بدر کوکنگ آئل، بہترین بناسپتی، کرسپو ویجیٹیبل آئل، دعوت کوکنگ آئل، انعام کوکنگ آئل، فیضی بناسپتی، گائے کنولا کوکنگ آئل، گائے کوکنگ آئل، گائے سن فلاور کوکنگ آئل، غوثیہ بناسپتی، غوثیہ کنولا آئل، گولڈ رحمت بناسپتی، حور کنولا آئل، حور کوکنگ آئل، حور سن فلاور آئل، اتحاد کوکنگ آئل، کامیاب کوکنگ آئل، کامران بناپستی، کاروان بناسپتی، کوثر کنولا آئل، کوثر کوکنگ آئل، کھجور کوکنگ آئل، کسان کوکنگ آئل (سن فلاور)، لائوز کوکنگ آئل، ممتا بناسپتی، مجاہد کوکنگ آئل، نعمت کنولا آئل، نیچرلے کوکنگ آئل، نائس بناسپتی، نرالا بناسپتی، اولیو پریمیئم کنولا آئل، اولیو پرمیئم سن فلاور آئل، قرنی بناسپتی، راحت بناسپتی گھی، سیزنز فرائنگ آئل، ستارہ کوکنگ آئل، سویا سپریم بناسپتی، سلطان سن فلاور آئل، زرین بناسپتی، چاند بناسپتی، ایلا کوکنگ آئل، ایولن ویجیٹیبل بناسپتی، ایولن ویجیٹیبل کوکنگ آئل، فوجی کوکنگ آئل، گولڈن سن بناسپتی، گولڈن سن کوکنگ آئل، اتحاد بناسپتی، کھجور بناسپتی، لائوز بناسپتی، مدنی کوکنگ آئل، شمیم بناسپتی، سلطان کنولا آئل، سلطان کوکنگ آئل اور ذائقہ کوکنگ آئل شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ایک اور کارروائی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پنجاب پیور فوڈ ریگولیشن کے معیار پر پورا نہ اترنے پر فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان شہر میں گورمے فوڈز کے 5 پروڈکشن یونٹس سربمہر کردیے۔

یہ بھی پڑھیں: دیسی گھی کے یہ 11 فائدے معلوم ہیں؟

اتھارٹی کی ٹیموں نے حلال سرٹیفکیٹ فراہم کرنے میں ناکامی پر گورمے فائیو اسٹارز کے مشروبات کے سیکشن کو سربمہر کردیا جبکہ اس موقع پر شربت کے کمروں کے ٹیکنوں کے اطراف زنگ آلود فلٹرز، بدبودار ماحول اور صفائی کے ناقص انتظامات بھی دیکھے۔

اس کے علاوہ سیالکوٹ میں انتظامیہ کی ہدایت پر پورا نہ اترنے، کھانے کو بہتر انداز میں محفوظ نہ رکھنے، غیرمناسب فریرز اسٹوریج اور کولڈ اسٹوریج میں کچے اور پکے گوشت کو ایک ساتھ رکھنے پر گورمے ہجویری فوڈز کو بند کردیا۔

ٹیموں کی جانب سے ملتان میں اے این سی فوڈز گورمے پر بھی چھاپہ مارا گیا اور غیر مناسب لیبلنگ اور نسوار کے استعمال پر سربمہر کردیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب پی ایف اے ایکٹ کی خلاف ورزی پر لاہور کی بھوبٹھیاں چوک پر گورمے فوڈز کے کچن سیکشن کو سیل کردیا۔


یہ خبر 27 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں